شاہین شاہ کی میچ وننگ سیلفیوں پر شائقین کرکٹ کیا کہتے ہیں؟

December 09, 2021

قومی کرکٹ ٹیم نے حالیہ میچوں میں اپنی شاندار پرفارمنس سے تو شائقینِ کرکٹ کے دل جیتے ہوئے ہی ہیں لیکن میچ جیتنے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی وننگ سیلفیوں کے بھی خوب چرچے ہوتے ہیں۔

ہر میچ میں فتح حاصل کرنے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی ٹیم کے ہمراہ سیلفی کا انتظار مداحوں کو بے صبری سے رہتا ہے۔

آج پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے گزشتہ دو ماہ کے طویل دورے کے دوران تمام تر کامیابیوں کے بعد سامنے آنے والی سیلفیوں کا ایک کولاج شیئر کیا ہے۔

کولاج میں آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت اور نیوزی لینڈ کیخلاف میچ جیتنے کے بعد لی گئی ’پرفیکٹ‘ سیلفی سمیت بنگلادیش میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز اور ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے بعد کی سیلفی کو حصہ بنایا گیا۔

پی سی بی کی شاہین شاہ کی ٹیم کے ساتھ سیلفیوں پر مبنی پوسٹ پر شائقین کرکٹ دلچسپ تبصرے کررہے ہیں جس میں کوئی انہیں سیلفی اِسٹک کہہ رہا ہے تو کوئی یہ کہتا دکھائی دے رہا ہے کہ شاہین پر تو سیلفی لینا فرض کردینا چاہیے۔