والد نے رشی کپور کو خاتون اداکارہ سے 8 مرتبہ تھپڑ کیوں لگوائے؟

December 16, 2021

فوٹو: فائل

آنجہانی بھارتی اداکار رشی کپور کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ انہیں ان کے والد راج کپور نے فلم کے سیٹ پر ایک دو نہیں بلکہ 8 مرتبہ ساتھی اداکارہ کے ہاتھوں تھپڑ لگوائے تھے۔

بالی ووڈ کی کامیاب فلم ’پریم روگ‘ کے سیٹ پر پیش آنے والا یہ واقعہ ایک مرتبہ پھر اداکارہ پدمنی کولہاپوری کو یاد آگیا اور انہوں نے اس کا ذکر بھی کیا۔

ایک انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ فلم میں تھپڑ مارنے والا سین بہترین تھا، مجھے چنٹو (رشی کپور) کو تھپڑ مارنا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عام طور پر فلم میں تھپڑ مارنے کا منظر مطابقت پذیری کے مطابق فلمایا جاتا ہے، لیکن راج انکل (راج کپور) یہ نہیں چاہتے تھے، وہ چاہتے تھے کہ میں چنٹو کو حقیقت میں تھپڑ ماروں۔

پدمنی کولہاپوری کا کہنا تھا کہ راج کپور نے مجھ سے کہا کہ ’نہیں نہیں، تم تھپڑ مارو، مجھے یہ حقیقی شاٹ لینا ہے،‘ جس پر چنٹو نے بھی مجھے تھپڑ مارنے کی اجازت دے دی۔

ماضی کی نامور اداکارہ نے کہا کہ پہلے ٹیک میں میرا ہاتھ گھوما تو تیز لیکن چنٹو کے گال کے قریب آکر آہستہ ہوگیا، لیکن راج انکل نے کہا کہ مجھے یہ اتنا ہلکا تھپڑ نہیں چاہیے، اور پھر ہم نے اس کے 8 ٹیک کیے، جس کی وجہ تکنیکی خرابی، لائٹ کی خرابی یا دیگر مسائل تھے، لیکن مجھے چنٹو کو اتنی مرتبہ تھپڑ مارنا پڑا۔