پروازوں، پائلٹس کی بحالی کا معاملہ، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے رابطے

January 05, 2022


ایوی ایشن کی بین الاقوامی تنظیم اکاؤ کی جانب سے پاکستان سول ایویشن اتھارٹی پر عائد تمام پابندیاں ختم کرنے کے بعد پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے ) نے یورپی کمیشن اور یو کے سول ایوی ایشن سے رابطے شروع کر دیئے ہیں تاکہ ان اداروں کو سی اے او کی طرف سے حفاظتی خدشات کے حل سے آگاہ کیا جاسکے۔

ترجمان کے مطابق اس امر پر زور دیا جائے گا کہ پاکستانی رجسٹرڈ ایئر لائنز کو جلد سے جلد برطانیہ اور یورپ کے لیے آپریشن کی اجازت دی جائے۔

ترجمان نے توقع ظاہر کی ہے کہ برطانیہ اور یورپی یونین اس معاملے کو فاسٹ ٹریک پر رکھ کر اجازت نامہ جاری کریں گی۔

ترجمان کے مطابق پاکستان سے سول ایوی ایشن اتھارٹی اب مارچ کے آخر تک پائلٹس کے امتحانات شروع کرے گی جس کے بعد تمام پائلٹس کو لائسنس جاری کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایوی ایشن کی بین الاقوامی تنظیم اکاؤ نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی پر عائد تمام پابندیاں ختم کردیں جس کے بعد پاکستانی پائلٹس اور پی آئی اے سمیت دیگر ائیرلائنز پر عائد سفری پابندیاں ختم ہوجائیں گی۔