ہمایوں سعید کی ’دی کراؤن‘ میں انٹری، شوبز ستارے خوش

January 10, 2022

’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ سے ’دی کراؤن‘ تک کا سفر مبارک ہو‘

پاکستانی ٹیلی وژن اور فلموں کے معروف اداکار سپر اسٹار ہمایوں سعید کو برطانوی شاہی خاندان پر مبنی سیریز ’دی کراؤن‘ میں کاسٹ کیے جانے پر شوبز ستارے خوشی سے نہال ہیں۔

خیال رہے کہ ’دی کراؤن‘ کے آنے والے سیزن کے لیے ہمایوں سعید کو ڈاکٹر حسنات خان کا کردار ادا کرنے کے لیے منتخب کرلیا گیا ہے۔

ہمایوں سعید وہ پہلے پاکستانی اداکار ہیں جو نیٹ فلیکس کی کسی بھی سیریز میں کام کرنے جارہے ہیں۔

ماہرہ خان:

معروف اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام کے ذریعے نیٹ فلیکس سیریز میں ہمایوں سعید کو کردار ملنے پر خوشی کا اظہار کیا۔

ماہرہ نے اس کے ساتھ ہی ’دی کراؤن‘ کی بھی تعریف کی۔

احمد علی بٹ:

اداکار احمد علی بٹ نے لکھا کہ ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ سے ’دی کراؤن‘ تک کا سفر مبارک ہو بھائی۔‘

احمد علی بٹ انسٹا اسٹوری، اسکرین شاٹ

احمد علی بٹ نے مختلف انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے ہمایوں سعید کی اس کامیابی کی تصدیق بھی کی ہے۔

واسع چوہدری:

اداکار و میزبان واسع چوہدری نے بھی ہمایوں سعید کی کامیابیوں کو یاد کیا اور ڈاکٹر حسنات اور ہمایوں سعید کا ایک کولاج بھی شیئر کیا۔

خیال رہے کہ واسع چوہدری اور ہمایوں سعید انڈسٹری کے گہرے دوستوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

عثمان خالد بٹ:

اداکار عثمان خالد بٹ نے بھی ہمایوں سعید کی نیٹ فلکس پر انٹری کو بڑی کامیابی قرار دیا۔

عثمان خالد بٹ نے خوشی کا اظہار کیا اور ہمایوں سعید کو مبارکباد دی۔

علی ظفر:

گلوکار و اداکار علی ظفر نے ہمایوں سعید کے لیے کہا کہ اس کردار کے لیے آپ ہی بہترین انتخاب ہیں۔

خیال رہے کہ اداکار ہمایوں سعید ’دی کراؤن‘ کے پانچویں سیزن میں برطانوی شہزادی کے مقابل ایک پاکستانی سرجن کا کردار ادا کریں گے۔

خیال رہے کہ شاہی خاندان پر بنے ڈرامہ میں ایک طرف شہزادی ڈیانا اور شہزادہ چارلس کی شادی اور اس کے اختتام کو موضوع بنایا گیا ہے وہیں 1997 میں کار حادثے میں شہزادی ڈیانا کی موت کو بھی موضوع بنایا گیا ہے۔

ڈاکٹر حسنات خان کو ایک حادثے میں اپنے مصری دوست کے ساتھ ہلاک ہو جانے والی برطانوی شہزادی ڈیانا کی ’حقیقی محبت‘ قرار دیا جاتا ہے، جنہیں وہ ’مسٹر ونڈرفل‘ کے نام سے پکارتی تھیں۔

شہزادی ڈیانا کی ڈاکٹر حسنات سے ملاقات ان کے دورہ پاکستان کے موقع پر ہوئی تھی۔

نیٹ فلیکس کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ برطانوی شاہی خاندان خصوصاً ملکہ الزبتھ دوم کی زندگی پر بنائی گئی سیریز ’دی کراؤن‘ کا پانچواں سیزن نومبر 2022 میں ریلیز کردیاجائے گا۔

پاکستان کے معروف اداکار ہمایوں سعید نے اداکاری کی دنیا میں 26 سال کا بہترین عرصہ گزارا ہے ، جس میں انہوں نے اداکار اور پروڈیوسر کے طورپر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے کئی ہٹ فلمیں کی ہیں۔

ہمایوں سعید کی فلموں میں ’جوانی پھر نہیں آنی‘ ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ وغیرہ شامل ہیں، جبکہ اس کے علاوہ متعدد ڈراموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔