موبائل فون گیم پب جی کا 244 ملین ڈالر کیساتھ سب سے زیادہ آمدنی کا ریکارڈ

January 16, 2022

بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک)بچوں اور بڑوں میں یکساں مقبول اسمارٹ موبائل فون گیم پب جی نے سب سے زیادہ آمدنی کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔چینی کمپنی کا تخلیق کردہ موبائل گیم پب جی اپنے آغاز سے ہی ہنگامہ خیز رہا ہے کبھی یہ گیم کھیلنے والوں پر پڑنے والے نفسیاتی اثرات کی وجہ سے خبروں کی زینت بنا تو کبھی اپنی کسی اختراع کی بدولت، تاہم اب اسے دنیا کا سب سے زیادہ کمانے والے گیم کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ایک بین الاقوامی ٹیکنالوجی فرم سینسر ٹاور میں شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پب جی گزشتہ سال دسمبر سب سے زیادہ آمدنی والے گیم قرار پایا۔گزشتہ ماہ اس گیم کے دیوانوں نے پب جی پر مجموعی طور پر 244 ملین ڈالر خرچ کیے جو کہ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران خرچ کی جانے والی رقم سے 36.6 فیصد زائد رہی۔رپورٹ کے مطابق پب جی نے سب سے زیادہ ریونیو اپنے پیدائشی ملک چین سے حاصل کیا جو 68.3 فیصد رہا، چین میں اسے گیم فار پیس کے نام سے مقامی رنگ دیا گیا ہے۔اسکے علاوہ پب جی کا 6.8 فیصد ریونیو امریکا اور 5.5فیصد ترکی سے حاصل ہوا، اس فہرست میں دوسرے نمبر پر رہنے والے گیم ‘‘جین شائن امپیکٹ’’ کی آمدنی 134.3 ملین رہی۔سینسر ٹاور کے مطابق مجموعی طور پر گیم کی مارکیٹ نے دسمبر 2021 میں تقریباْ 7 ارب 40 کروڑ ڈالر کمائے ہیں۔