ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی اداکارہ، کامیڈین اور پروڈیوسر اپاسنا سنگھ نے ’’مس یونیورس ہرناز سندھو‘‘ کے خلاف چندی گڑھ کی ضلعی عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا۔ اپاسنا سنگھ نے ہرناز سندھو کے خلاف اپنی فلم ‘بائی جی کٹنگے’ کو نظر انداز کرنے پر مقدمہ درج کیا ہے۔مس یونیورس کے خلاف درج مقدمے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میں ہرناز سندھ کے پیچھے بھاگتے بھاگتے تھک گئی ہوں، میرا بہت مالی نقصان بھی ہوا ہے، اس لیے میں نے مقدمہ درج کرایا۔بھارتی اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ وہ پنجابی فلم کے معاہدے کی خلاف ورزی اور فلم سے خود کو الگ کرنے پر ہرناز سندھو کے خلاف قانونی کارروائی کر رہی ہیں، اس لیے انہوں نے 5 اگست کو سمن بھی بھجوا دیا ۔انہوں نے کہا کہ ہرناز سندھو کے ساتھ فلم کا معاہدہ مس یونیورس بننے سے پہلے کا ہے، میں نے انہیں مشکل وقت میں موقع دیا، وہ ممبئی میں ہمارے ساتھ رہتی تھیں، میں نے ان کا اپنے بچے کی طرح خیال رکھا۔ اسے اداکاری سکھائی اور تربیت دی۔اپاسنا سنگھ کا کہنا تھا کہ جب سے انہوں نے مس یونیورس کا مقابلہ جیتا اور بین الاقوامی شہرت حاصل کی تو اس نے ہم سے رشتہ توڑ لیا جب کہ میں نے ان کے اعزاز میں ایک پارٹی دی تھی۔اداکارہ نے کہا کہ مس یونیورس کا مقابلہ جیتنے کے بعد ہرناز سندھو کے لیے پنجابی فلم انڈسٹری چھوٹی ہو گئی ہے جب کہ وہ خود کو پنجاب کا فخر کہتی رہی ہیں، لگتا ہے یہ سب ڈرامہ تھا کیونکہ اب ان کی نظریں بولی اور ہولی وڈ پر لگی ہوئی ہیں۔