ممبئی (این این آئی)جنوبی بھارت کے تیلگو فلم انڈسٹری کے سپر سٹار ناگا چیتنیا اس بات سے پریشان ہیں کہ سابق اہلیہ سمانتھا رتھ پرابھو سے طلاق کے باوجود انہیں سمانتھا سے منسلک کیا جاتا ہے۔واضح رہے کہ دونوں کی 2017 میں شادی ہوئی تھی اور پھر چار برس ازدواجی زندگی گزارنے کے بعد گزشتہ سال اکتوبر میں علیحدگی ہوگئی تھی۔اس سے قبل سمانتھا رتھ پرابھو نے اپنے ایک بیان میں طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم دونوں نے کافی صلاح و مشورے کے بعد اپنی راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا تاہم ہمارے درمیان ایک دوسرے کے احترام کا رشتہ قائم ہے۔ ناگا چیتنیا نے سمانتھا رتھ پرابھو سے طلاق کے بعد خاموشی برقرار رکھی تاہم اب انہوں نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں نے علیحدگی کے بعد اپنے بیانات میں ایک دوسرے کیلئے احترام کا رشتہ برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ سمانتھا کی جانب دیکھتا ہوں کہ وہ کیا کررہی ہیں اور میں ان کا بہت زیادہ احترام کرتا ہوں، بس اس کے علاوہ اور کوئی معاملہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگ اپنے کالم بھرنے کی کوششیں کرتے ہیں اور ہمیں طرح طرح سے اکٹھے جوڑتے ہیں، کئی بار وضاحت کرنے کے بعد اب میں ان چیزوں سے بور ہوگیا ہوں۔