ماڈل کورٹس میں 195فیصلے، ایک مجرم کو سزائے موت، چار کو عمر قید

January 16, 2022

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ملک بھر کی ماڈل کورٹس نے پندرہ جنوری کو مجموعی طور پر 195مقدمات کا فیصلہ کیا اور زیرسماعت کیسز میں 175گواہوں کی شہادتیں قلمبند کیں۔مانیٹرنگ سیل کی رپورٹ کے مطابق ماڈل کریمینل ٹرائل کورٹس نے قتل کے گیارہ اور منشیات کے31 مقدمات نمٹائے جن میں اسلام آباد میں منشیات کے تین، پنجاب میں قتل اور منشیات کے پانچ پانچ، خیبرپختونخوا میں قتل کے چار منشیات کے سات اور سندھ میں قتل کے دو منشیات کے 16 مقدمات کا فیصلہ ہوا۔ جرم ثابت ہونے پر ایک مجرم کو سزائے موت چار کو عمر قید دیگر سات کو 16 سال چار ماہ 23 دن قید اور 1803100روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ماڈل سول ایپلٹ کورٹس نے مجموعی طور پر 89 دیوانی، فیملی اور رینٹ اپیلوں و درخواست نگرانی کے فیصلے کئے جبکہ ماڈل مجسٹریٹس عدالتوں نے64 مقدمات کے فیصلے کئے، تمام عدالتوں نے 182 گواہوں کے بیانات قلمبند کر کے 27 مجرموں کو ایک سال قید اور 53500 روپے جرمانے کی سزا سنائی۔