کراچی: مکان سے مدفون اسلحے کی برآمدگی، 3 افراد پر مقدمہ درج

January 16, 2022


کراچی کے اولڈ سٹی ایریا میں بھیم پورہ کے مکان سے بڑی مقدار میں مدفون اسلحے کی برآمدگی کا مقدمہ نیپیئر تھانے میں انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔

مقدمے میں مختلف اوقات میں پگڑی پر رہنے والے 3 مالکان کو نامزد کیا گیا ہے۔

نیپیئر تھانے کے ایس ایچ او ظفر اقبال کے مطابق نیپیئر تھانے میں درج ایف آئی آر نمبر 11/22 میں سپر مارکیٹ کے ایس ایچ او محمد ریاض مدعی ہیں۔

مقدمہ دفعہ 24 سندھ رینجرز ایکٹ 2013ء اور انسدادِ دہشت گردی کی دفعہ 7 اے ٹی اے کے تحت درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے میں 66 ریوالور، اسٹین گن کی 183 بیرلز، اینٹی ایئر کرافٹ گن کی 16 بیرلز کے علاوہ دیگر اسلحہ شامل ہے۔

کافی عرصہ پہلے یہ مکان سلیم نامی شخص نے پگڑی پر لے رکھا تھا، بعد میں اسے محمد شفیق نامی شخص کو فروخت کیا گیا۔

ایف آئی آر میں سلیم میمن، محمد شفیق اور محمد فاروق نامزد ملزمان ہیں۔

نیپیئر پولیس کے مطابق مقدمے کے تحت کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے، اس واقعے کے مزید کرداروں کو بھی تلاش کیا جا رہا ہے۔