پی ٹی آئی رکن اسمبلی پارٹی قیادت کیخلاف دیے گئے بیان پر ڈٹ گئے

January 16, 2022

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی نور عالم خان پارٹی قیادت کے خلاف دیے گئے اپنے بیان پر ڈٹ گئے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایم این اے نورعالم خان نے کہا کہ جمہوریت میں تنقید اور مظاہرہ کرنا سب کا حق ہے، میرے خلاف پارٹی کارکنوں کو استعمال کیا جا رہا ہے۔

نور عالم خان نے کہا کہ میں نے کرپشن اور احتساب کی بات کی جو عمران خان بھی کرتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ قومی اسمبلی میں پہلی تین لائنوں میں بیھٹے افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی ٹھیک بات کی۔

پی ٹی آئی ایم این اے نے یہ بھی کہا کہ میں نے مہنگائی، بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کی بات کی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے یوتھ ونگ نے اپنی ہی جماعت کے رکن قومی اسمبلی نور عالم کے خلاف پشاور میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

انصاف یوتھ ونگ نے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی نور عالم کے خلاف مظاہرے میں وزیرِاعظم عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔

صوبائی صدر انصاف یوتھ ونگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ نور عالم خان وزارت کے لیے بیان بازی کر رہے ہیں۔

انصاف یوتھ ونگ پشاور کے سابق صدر الیاس خلیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ ہاؤسز سے پیرا شوٹرز کا خاتمہ کیا جائے۔