نئے بلدیاتی نظام کے تحت عوام کو شریک اقتدار کیا جا رہا ہے،راشد حفیظ

January 17, 2022

راولپنڈی ( اپنے رپورٹرسے) صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم پنجاب راجہ راشد حفیظ نےکہا ہے کہ وسائل کی لوٹ مار میں گم ہو جانے والا قومی تعمیر نو کا عمل آسان نہیں ۔ نئے بلدیاتی نظام کے تحت پہلی مرتبہ حقیقی معنوں میں عوام کو شریک اقتدار کیا جا رہا ہے جو مقامی سطح پر تعمیر وترقی کے حوالے سے اپنے فیصلے خود کریں گے ۔ انہوں نے یہ بات تحریک انصاف کے پبلک سیکرٹریٹ سید پور روڈ راولپنڈی میں ہفتہ وار کھلی کچہری کے دوران عوام سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ ر اشد حفیظ نے لوگوں سے درخواستیں وصول کیں اور ان کے مسائل سنے جن کے حل کیلئے انہوں نے بذریعہ ٹیلی فون متعلقہ حکام سے رابطے کرکے موقع پر ہی احکامات جاری کیے ۔ بعض یونین کونسلوں میں عوامی نشاندہی پر صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبے پورے معیار کے ساتھ وقت پر مکمل کیے جائیں تاکہ عوام ان سے جلد مستفید ہو سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت سانحہ مری کے بعد ایسے فول پروف اقدامات اٹھا رہی ہے جو عوام کے جان ومال کو تحفظ دے سکیں اور آئندہ سانحہ مری جیسا واقعہ دوبارہ رونما نہ ہو ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر مقامی انتظامیہ ہوٹلوں کے کرایوں اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو بھی دیکھ رہی ہے ۔ حکومت ناجائز منافع خوروں کو کسی صورت اجازت نہیں دے گی کہ وہ سیاحوں سے زائد قیمتیں وصول کریں ۔ مری کی سڑکوں سے برف ہٹانے سمیت تعمیر و مرمت اور ٹریفک کو رواں رکھنے کے تمام لوازمات پورے کرنے کیلئے حکومت مطلوبہ وسائل فراہم کر رہی ہے ۔