مائیکل لی ایڈے المعروف میٹ لوف 74 سال کی عمر میں انتقال کرگئے

January 23, 2022

لاس اینجلس(مانیٹرنگ ڈیسک) معروف امریکی گلوکار میٹ لوف جن کا اصل نام مائیکل لی ایڈے 74 سال کی عمر میں انتقال کرگئے ہیں۔ان کے دنیا بھر میں 10 کروڑ البم فروخت ہوچکے ہیں۔65 ہولی وڈ فلموں میں ان کے گیت شامل کئے گئے اور متعدد میں انہوں نے اداکاری بھی کی جن میں ’’ فائٹ کلب ‘‘،’’فوکس‘‘ ،’’راکی‘‘ ،’’ہارر پکچرشو‘‘ اور’’وینیز ورلڈ‘‘ شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق ان کے آخری وقت میں ان کی اہلیہ ڈیبورا، انکی بیٹیاں پرل اورامانڈا او ر انکے قریبی دوست ان کے ساتھ موجود تھے۔ میٹ لوف کا یہ نام ان کے فٹبال کوچ نے محبت میں رکھا تھا جسے انہوں نے اسٹیج کیلیے اپنا لیا۔ان کے میوزک کیریئر کا آغاز 1960 کی دہائی میں ہوا جب انہوں نے اپنا پہلا بینڈ میٹ لوف سول (soul) بنایا، ان کا ڈیبیو البم 1977 میں Bat Out of Hell کے عنوان سے جاری ہوئی جو کہ امریکی تاریخ کی 35 سب سے زیادہ فروخت ہونے والی البمز میں شامل ہے، اس البم کی ایک کروڑ 40 لاکھ کاپیاں فروخت ہوئی تھیں۔میٹ لوف اپنی جاندار آواز اور اداکاری کی وجہ سے مشہور تھے، انہوں نے 12 البمز ریلیز کیں جس میں آخری البم 2016 کو جاری کی گئی۔