بہت بہانے ہوگئے، اب نور کو انصاف مل جانا چاہیے، حدیقہ کیانی

January 25, 2022

گلوکارہ و اداکارہ حدیقہ کیانی نور مقدم کیس کے فیصلے میں تاخیر پر الجھن کا شکار دکھائی دے رہی ہیں۔

انہوں نے اپنے حالیہ ٹوئٹر پیغام میں نور کیلئے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک اور دن اور ایک اور مرتبہ طاقت کا غلط استعمال کیا جارہا ہے،ثبوت اور مقتولہ پر الزام لگایا جارہا ہے۔

حدیقہ کیانی نے ہیش ٹیگ نور مقدم کا استعمال کرتے ہوئے کہا کہ ہم نور مقدم کی کہانی نہیں بھولیں گے، ہم انصاف مانگتے ہیں اور مانگتے رہیں گے۔

انہوں نے لکھا کہ اب تاخیر، بہانے اور پاگل پن بہت ہوگیا ، اب نور کو انصاف مل جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس 20 جولائی کو تھانہ کوہسار کی حدود ایف سیون فور میں 27 سالہ لڑکی نور مقدم کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا تھا۔

گزشتہ روز اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں نورمقدم قتل کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج عطاء ربانی کی عدالت میں کی گئی، پراسیکیوٹر رانا حسن عباس اور مرکزی ملزم ظاہر ذاکر جعفر کے وکیل سکندر ذوالقرنین بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

تفتیشی افسر نے جرح کے دوران بتایا کہ گرفتاری کے وقت مرکزی ملزم ظاہر جعفر کی پینٹ کو نہ خون لگا ہوا تھا اور نہ ہی چاقو پر ظاہرجعفر کے فنگر پرنٹس تھے، تفتیش میں ہمسائیوں اور کسی چوکیدار کا بیان نہیں لیا اور نہ ہی گھر کے اردگرد کیمروں کی ریکارڈنگ لی گئی۔

گزشتہ روز سماعت کے دوران مرکزی ملزم ظاہر جعفر کمرہ عدالت میں غنودگی کی حالت میں زمین پر بیٹھا رہا۔

عدالت نے نور مقدم قتل کیس کی سماعت 26 جنوری تک ملتوی کر دی۔