شاہ سلمان کی پاکستان سمیت دوست ممالک سے طے پانیوالے معاہدوں کی توثیق

January 25, 2022

فوٹو: فائل

سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سربراہی میں کابینہ کا اجلاس دارالحکومت ریاض کے شاہی محل میں ہوا۔

اس اجلاس میں سعودی عرب کے اہم مسائل پر غور کیا گیا۔

کابینہ اجلاس میں دوست ممالک سے طے پائے گئے معاہدوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اجلاس کے اختتام پر 10 معاہدوں کی توثیق کی گئی۔

ریاض سے عرب میڈیا کے مطابق پاکستان کے ساتھ سزا یافتہ مجرموں کی حوالگی کے معاہدے، انسدادِ جرائم میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے معاہدوں کی توثیق کی گئی۔

اجلاس میں نشہ آور اشیا کے اجزا کی غیرقانونی تجارت روکنے کے لیے ایم او یو کو حتمی شکل دینے کی بھی توثیق کی گئی۔

اجلاس میں حوثی باغیوں کے سعودی عرب سمیت خطے کے ممالک پر حملوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اس موقع پر سعودی کابینہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل حوثی باغیوں کی مسلسل کاروائیوں کا نوٹس لے۔