چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بات چیت ہونی چاہیے، چیزیں اچھی سمت میں آگے بڑھنی چاہئیں، بیک ڈور رابطوں کے حوالے سے ماحول اس مرتبہ کچھ ٹھنڈا ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ لاہور میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو سیکیورٹی نہ دینا افسوسناک ہے، اُن کو گاڑی میں بٹھا کر ایک چوک پر چھوڑ دیا گیا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ صوبے کے وزیراعلیٰ کو ایسے ٹریٹ کرنے سے نفرتیں بڑھیں گی، وزیراعلیٰ مریم نواز اور پنجاب پولیس کو اس رویے پر معذرت کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی اداروں کی ذمے داری ہے کہ دوسرے صوبے کے وزیراعلیٰ کو سیکیورٹی دیں، سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق بانی کو اسپتال منتقل کرنا تھا۔
بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ عدالتی حکم پر میڈیکل بورڈ بننا تھا لیکن عمل درآمد نہیں ہوا، ہم نے سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواستیں دائر کی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ کرمنل کیسز ہمیشہ سپریم کورٹ سنتی ہے، بانی پی ٹی آئی کی صحت کے مسئلے کو آئینی بحران بنا دیا گیا ہے، حکومت سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، ماحول ٹھنڈا ہے۔