عمران نیازی نے کرپشن میں 10 سال کا ریکارڈ توڑ دیا، شہباز شریف

January 26, 2022


مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران نیازی نے کرپشن میں 10سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے، کرپشن میں انہیں پیچھے چھوڑ گئے جن کے خلاف سیاست میں آنے کا دعویٰ کیا تھا۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر غور کرنا ہوگا کہ ایک نااہل، نالائق، کرپٹ شخص ملک وقوم کیلئے کتنا خطرناک ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نظام بیٹھ جانے کا اعلان ہے، رپورٹ ثبوت ہے کہ عمران نیازی کے نئے پاکستان میں صرف کرپشن ہوئی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ رپورٹ ہمیں اصلاح احوال کی دعوت فکر دے رہی ہے، رپورٹ چھپانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، اس کو جھٹلانے کے بجائے گریبان میں جھانکنا اور خود احتسابی درکار ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں ان عوامل، محرکات اور مضمرات پر غور کرنا چاہیے جس سے یہ رپورٹ بنی ہے۔

نون لیگ کے صدر نے کہا کہ عمران نیازی پاکستان اور پاکستانیوں کے لئے خطر ناک نہیں، مہلک ترین ثابت ہوئے، 16درجے کرپشن بڑھ گئی، معیشت تباہ، مہنگائی اور بیروزگاری آسمان پر پہنچ چکی ہے۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا ہے کہ عمران نیازی کو اب بھی ملک یا اس کے نام کی نہیں، اپنا جھوٹا امیج بچانے کی فکر ہے، ان کی سوچ پر افسوس ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر پاکستان کرپشن انڈیکس میں 23 پوائنٹس گرا ہے، پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری اور کاروباری ماحول کو شدید نقصان پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ وقت نے ثابت کیا کہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ بھی نواز شریف ہی کرسکتے ہیں، وہ ہی پاکستان کے تمام مسائل کا ون ونڈو آپریشن ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے 180 ممالک کی کرپشن پرسیپشن انڈیکس جاری کی تھی جس کے مطابق پاکستان میں کرپشن مزید بڑھ گئی ہے۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن پرسیپشن انڈیکس کے مطابق پاکستان کرپشن رینکنگ میں 16 درجے اوپر چلا گیا ہے۔