ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر قوم سے خطاب کریں، قوم کو بتائیں آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی چوری سے پاکستان میں آج کرپشن بڑھ چکی ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر کئے گئے اپنے پیغام میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ آپ کی کرپشن، لوٹ مار کے نتیجے میں آٹا، چینی، دوائی سمیت کوئی چیز عوام خریدنے کے قابل نہیں رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران صاحب آپ کی کرپشن کا اعمال نامہ آنے کے بعد آپ سڑکوں پر نہیں نکلیں گے بلکہ جیل جائیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ 2013 میں مسلم لیگ نون کی حکومت آئی تو پاکستان کرپشن انڈیکس میں 127 نمبر پر تھا، نون لیگ کے دور میں ملک میں کرپشن میں کمی آئی اور پاکستان 117 نمبر پر آگیا۔
مریم اورنگزیب کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ نون کے دور میں ہر سال کرپشن انڈیکس میں مسلسل کمی آئی، 2013 سے 2018 کے درمیان ریکارڈ ترقی ہوئی۔
خیال رہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے 180 ممالک کی کرپشن پرسیپشن انڈیکس جاری کر دی جس کے مطابق پاکستان میں کرپشن مزید بڑھ گئی۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن پرسیپشن انڈیکس کے مطابق پاکستان کرپشن رینکنگ میں 16 درجے اوپر چلا گیا ہے۔