اسد عمر کی کراچی میں ایم کیو ایم کے احتجاج پر تشدد کی شدید مذمت

January 26, 2022


وفاقی وزیر اسد عمر نے کراچی میں ایم کیو ایم کے احتجاج پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے لبادے میں پیپلز پارٹی کا آمرانہ طرزِ حکومت نہایت قابل مذمت ہے۔

اپنے بیان میں اسد عمر نے کہا کہ دستور پاکستان شہریوں کو پرُ امن احتجاج کا حق دیتا ہے، طاقت کے استعمال سے حق اختلاف کو غصب کرنے کی روایت شرمناک ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ سندھ میں جماعتی راج کی بجائے پیپلز پارٹی آئینی حقوق کا احترام کرے، پولیس کو سیاسی جماعتوں کے بجائے سندھ میں جرائم کےخلاف استعمال کیا جائے۔

واضح رہے کہ سندھ کے بلدیاتی نظام کے خلاف ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے کراچی میں وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے کے ساتھ احتجاج کیا گیا، پولیس نے ریڈ زون کی خلاف ورزی پر احتجاجی مظاہرین پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی۔

لاٹھی چارج کے نتیجے میں رکن سندھ اسمبلی سمیت کئی کارکنان زخمی اور گرفتار کر لئے گئے، وزیر اعلیٰ ہاؤس کے اطراف کا علاقہ میدان جنگ بنا رہا، آنسو گیس سے کئی مظاہرین کی حالت غیر ہو گئی۔