وزیراعلیٰ سندھ نے ظلم کی انتہا کردی ہے، فاروق ستار

January 26, 2022

سابق وفاقی وزیر اور سینئر سیاستدان فاروق ستار نے کہا ہے کہ پُرامن مظاہرین کے ساتھ کھڑے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ نے ظلم کی انتہا کردی ہے۔

کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو میں فاروق ستار نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے احکامات پر سندھ پولیس نے نہتے مظاہرین پر بدترین تشدد کیا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کے تشدد کی بھرپور مذمت کرتا ہوں، پی پی نے آمریت، فسطائیت اور جارحیت کا مظاہرہ کیا۔

سینئر سیاستدان نے مزید کہا کہ آج کے واقعے نے آپریشن 1992 کی یاد دلائی، پُرامن مظاہرین کے ساتھ کھڑے ہیں، وزیراعلی سندھ نے ظلم کی انتہا کردی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ظالموں کے ہاتھ روکنے کے لیے میدان میں اتریں گے، سندھ حکومت نے کراچی کے حقوق پر قبضہ اور بلدیاتی اداروں کو غیرفعال کیا۔