زاویار کو والد نعمان اعجاز کیساتھ کام کرنا مشکل کیوں لگا؟

January 27, 2022

فوٹو، فائل

پاکستان شوبز انڈسٹری کے اُبھرتے ہوئے اداکارزاویار اعجازکا کہنا ہے کہ والد کے ساتھ کام کرنا تھوڑا مشکل تھا۔

زاویار اعجاز نے حال ہی میں شوبز انڈسٹری میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا ہے اور ابتدا میں ہی اُنہیں اپنے والد اور نامور اداکار نعمان اعجاز کے ساتھ ایک پراجیکٹ میں کام کرنے کا موقع مل گیا۔

اس حوالے سے ایک انٹرویو کے دوران ان سے سوال کیا گیا کہ’ کیا وہ اپنے والد کے ساتھ اس پروجیکٹ میں کام کرنے سے گھبرائے تھے؟‘

زاویار نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ’جی بالکل، وہ بہت زیادہ گھبرائے ہوئے تھے، لیکن اُنہیں اس پراجیکٹ کے دوران اپنےوالد کے ساتھ وقت گزارنااور ان سے بہت کچھ سیکھنا اچھا بھی لگا، یہ پراجیکٹ ان کے لیے بہت مختلف تھا‘۔

پراجیکٹ کی شوٹنگ کے دوارن بطور والد نعمان اعجاز کی جانب سے بطور والد کوئی خاص روّیہ اپنائے جانے کے سوال پر زاویار نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ’اوہ، نہیں جب اُن کے والد سیٹ پر ہوتے ہیں تو وہ اداکار ہیں اور وہ والد کے ساتھی اداکار ہیں‘۔

زاویار نے مزید کہا کہ ’اس لیے والد کا روّیہ اُن کے ساتھ بالکل ویسا ہی ہوتا ہے جیسا کہ باقی ساتھی اداکاروں کے ساتھ ہوتا ہے‘۔

جب زاویار سے یہ سوال پوچھا گیا کہ ’کیا نعمان اعجاز کی دہائیوں کی محنت کی وجہ سے زاویار کو کیریئر کے آغاز پر ہی بڑے بجٹ کے پراجیکٹس مل گئے؟‘

اس سوال کا جواب دیتے ہوئے زاویار نے کہا کہ’ یہ بات مضحکہ خیز ہے، اُنہیں بالکل ایسا نہیں لگتا ہے، وہ خود بھی ایک شخصیت ہیں‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’ اُن کی ذمہ داری ہے کہ وہ والد کے نقشِ قدم پر چلیں لیکن وہ اس حوالے سے جھوٹ نہیں بولیں گے ‘۔

زاویار نے اپنی بات کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ’اُن کے لیے والدکے نقشِ قدم پر چلنا اتنا آسان نہیں ہے‘۔