کیٹی بندر میں ڈوبنے والے 1 اور ماہی گیر کی لاش مل گئی

January 28, 2022


صوبۂ سندھ کے ضلع ٹھٹھہ میں کیٹی بندر کے قریب کھلے سمندر میں ڈوبنے والی لانچ کے 1 اور ماہی گیر کی لاش مل گئی۔

22 جنوری سے شروع کیے گئے ایدھی کے سرچ آپریشن کے دوران 9 ماہی گیروں کی لاشیں اب تک مل چکی ہیں ۔

ذرائع کے مطابق مزید 3 ماہی گیروں کی لاشیں ملنا اب بھی باقی ہے جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق آج صبح ملنے والی لاش کراچی کے ماہی گیر رفیق کی ہے۔

ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے ماہی گیر رفیق کی میت کو کراچی کے علاقے کورنگی میں اس کے گھر پہنچایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ 22 جنوری کو تیز طوفانی ہواؤں کے باعث حجامڑو کریک اور کائر کریک کے مقام پر 3 کشتیاں اُلٹ گئی تھیں جس کے نتیجے میں 46 ماہی گیر لاپتہ ہو گئے تھے۔

ان 46 میں سے 34 ماہی گیروں کو بچا لیا گیا تھا جبکہ بقیہ 12 ماہی گیروں کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کیا تھا جس کے نتیجے میں اب تک 9 ماہی گیروں کی لاشیں مل چکی ہیں اور 3 کی تلاش اب بھی جاری ہے۔