ق لیگ پارلیمانی کمیٹی کا اپوزیشن تحریک عدم اعتماد کے تناظر میں مشاورتی اجلاس

February 16, 2022


حکومتی اتحاد مسلم لیگ (ق) کی پارلیمانی کمیٹی کا مشاورتی اجلاس اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کے تناظر میں بلایا گیا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں پرویز الہٰی اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر مونس الہٰی، سالک حسین ، حسین الہٰی اور ق لیگ کے سینیٹ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے ارکان شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق ق لیگ کی قیادت نے پارٹی کے پارلیمانی ارکان کو اپوزیشن کی جانب سے رابطوں پر بریفنگ دی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی بات چیت کی۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق پرویز الہٰی نے اپوزیشن رہنماؤں سے حالیہ ملاقاتوں پر پارٹی ارکان کو اعتماد میں لیا۔

ذرائع کے مطابق ق لیگ کے تمام ارکان پارلیمان نے اس معاملے پر فیصلے کا اختیار پرویز الہٰی کو دے دیا۔

اعلامیے کے مطابق ق لیگی ارکان نے اس موقع پر مطالبہ کیا کہ پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فی الفور واپس لیا جائے۔

دوران اجلاس ق لیگ نے ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی، تمام ارکان پارلیمان نے اپنی آرا کا کھل کر اظہار کیا۔

ق لیگی ارکان نے مزید کہا کہ عام آدمی کو ریلیف نہ دیا گیا تو حالات سنبھالنا مشکل ہوجائے گا،حکومت غریب آدمی کے حالات مدنظر رکھ کر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔