شہباز گل نے رمیش کمار سے متعلق الفاظ پر معافی مانگ لی

March 18, 2022

وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے رمیش کمار سے متعلق ٹی وی پر کہے گئے اپنے الفاظ پر معافی مانگ لی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران شہباز گل نے کہا کہ میں معذرت کرتا ہوں رمیش کمار سے متعلق اپنے الفاظ واپس لیتا ہوں، رمیش کمار جو حرکتیں کررہا ہے اس پر کوئی بات نہیں کررہا، یہی الفاظ اگر انگریزی میں کہہ دیے جائیں تو کوئی اعتراض نہیں کرتا۔

شہباز گل نے کہا کہ 2018 میں راجہ ریاض کو جب ٹکٹ دیا گیا میں بنی گالہ میں موجود تھا، راجہ ریاض نے بس عمران خان کے پاؤں نہیں پکڑے تھے باقی سارے کام کیے تھے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ راجہ ریاض کی کیا حیثیت تھی، اس کو عمران خان کے نام پر ووٹ ملے، اپنے ورکرز اور عوام سے کہتے ہیں قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کرنا ہے۔

شہباز گل نے کہا کہ گرفتار ارکان اسمبلی کو شخصی ضمانت پر رہا کروایا گیا ہے، قانون پر مکمل عمل درآمد ہوگا کارکنوں کو قانونی طریقے سے رہا کروایا جائے گا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ توڑ پھوڑ نہیں ہونی چاہیے، اگر ہمارے کارکنوں نے کی ہے تو تنبیہ کی جائے گی، ہم حکومت میں ہیں ہم نے ہرصورت قانون پر عمل کرنا ہے۔