اسلام آباد میں سندھ ہاؤس پر حملے میں ملوث تحریک انصاف کے دو اراکین اسمبلی کو حراست میں لینے کے بعد رہا کردیا گيا ہے، جس کے بعد وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل اپنے ایم این ایز کو تھانے سے نکال کر باہر لے آئے۔
شہباز گل نے کہا کہ جو لوگ عمران خان کےنام پر ووٹ لے کر آئے، وہ بکتے ہیں تو عوام ردعمل دیں گے، جو آگ انہوں نے لگائی ہے وہ آگ تو پھیلے گی۔
معاون خصوصی نے کہا کہ کل میں نےایک ایم این اے کو کچھ کہا تو شور مچ گیا، انگریزی میں وہ لفظ کہيں تو ٹھیک ، پنجاب میں برا لگ جاتا ہے۔
شہباز گل نے کہا کہ اس بار عوام نیوٹرل نہيں رہيں گے، بیچ میں آئيں گے، گرفتار کارکنوں کو شخصی ضمانت پر رہا کروایا گيا ہے۔
شہباز گل نے کہا کہ ان کو شخصی ضمانت پر چھوڑ سکتے تھے ہم نے شخصی ضمانت کروائی، قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا ان سے پوچھیں جن کا اختیار ہے، عمران خان کوئی غیر قانونی کام نہیں کریں گے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ قوم عمران خان کےساتھ ہے، غیر آئینی اور غیر قانونی کام نہیں کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کارکنوں نے سندھ ہاؤس پر دھاوا بولا تھا، پی ٹی آئی کے کارکنوں نے سندھ ہاؤس کا گیٹ توڑ دیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے کارکنان لوٹے لے کر سندھ ہاؤس پہنچے اور سندھ ہاؤس کے قریب ریڈ زون میں داخل ہوگئے ، جہاں انہوں نے دھرنا دینے کے بعد سندھ ہاؤس پر دھاوا بول دیا۔