سونم کپور کے ہاں جلد ننھے مہمان کی آمد متوقع

March 21, 2022

فوٹو، انسٹاگرام

بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور اور ان کے شوہر آنند آہوجا کے ہاں جلد پہلے بچے کی آمد متوقع ہے۔

اداکارہ سونم کپور اور آنند نے انسٹاگرام پر مداحوں کو خوشخبری سُناتے ہوئے کہا کہ ہم فیملی میں اس نئے مہمان کا خیر مقدم کرنے کے لیے بے چین ہیں۔

اسکرین گریب

جوڑے نے ایک مشترکہ پوسٹ میں نئے مہمان سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’ ایک خاندان، آپ کو پیار اور حمایت سے نوازے گا۔ ہم آپ کو خوش آمدید کہنے کے منتظر ہیں، ساتھ ہی انہوں نے ایموجیز کا بھی استعمال بھی کیا۔

سونم اور ان کے شوہر نے یہ بھی اعلان کیا کہ بچہ رواں برس موسمِ خزاں میں ان کے ہاتھوں میں ہوگا۔

متعدد مشہور شخصیات اور مداحوں نے جوڑے کو اس خوشخبری پر مبارکباد دی۔

کرینہ کپور نے لکھا کہ ’تم دونوں کے لیے بہت خوش ہوں۔ بچے سے کھیلنے کا انتظار نہیں کر سکتی۔‘

دیا مرزا نے لکھا کہ ’اتنی شاندار خبر، آپ کے لیے بہت خوش ہوں۔‘ جبکہ اننیا پانڈے نے جوڑے کو مبارکباد دی۔

سونم کپور اور آنند آہوجا کی شادی مئی 2018 میں ہوئی تھی، سونم کپور اداکار انیل کپور اور سنیتا کپور کی سب سے بڑی بیٹی ہیں۔

اپنی شادی کے بعد سے سونم کو کئی بار ماں بننے کے حوالے سے افواہوں کی تردید کرنی پڑی تھی لیکن اب باضابطہ طور پر انہوں نے اپنے ماں بننے کے حوالے سے اعلان کردیا ہے۔