شان شاہد نے والدہ کو ستارہ امتیاز ملنے پر کیا کہا؟

March 24, 2022

تصویر بشکریہ ٹوئٹر

پاکستان فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ نیلو بیگم کو حکومت کی جانب سے ستارہ امتیاز ملنے پر اُن کے بیٹے اور اداکار شان شاہد نے سوشل میڈیا پر خصوصی پیغام جاری کردیا۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر شان شاہد نے اپنی مرحومہ والدہ نیلو بیگم کے ہمراہ لی گئی اپنی یادگار تصویر شیئر کی اور ساتھ ہی اُنہیں ملنے والے ستارہ امتیاز کی تصویر بھی شیئر کی۔

شان شاہد نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ستارہ امتیاز میری والدہ کو دیا گیا ہے اور یہ ہم سب کے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہے۔

اداکار نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ کاش! میں اپنی والدہ کو اسے پہنتے ہوئے دیکھ سکتا۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ اللّہ تعالیٰ! میری والدہ کو اگلے جہاں میں بھی خوش رکھے آمین۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز یومِ پاکستان کے موقع پر حکومت کی جانب سے اداکارہ نیلو بیگم کو ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔

واضح رہے کہ 80 سالہ نیلو بیگم گزشتہ برس لاہور میں انتقال کرگئی تھیں، اداکارہ نیلو بیگم فلم ڈائریکٹر مرحوم ریاض شاہد کی اہلیہ اور اداکار شان کی والدہ تھیں جبکہ ان کا اصل نام عابدہ ریاض تھا۔

وہ کافی عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں۔ اداکارہ نیلو 1940 میں بھیرہ میں پیدا ہوئیں، 1956میں فلم ’بھوانی جنکشن‘ میں بطور چائلڈ اسٹار کام کیا۔

انہوں نے کئی یاد گار فلموں میں فنِ اداکاری کے جوہر دکھائے، جن میں دوشیزہ، عذرا، زرقا، بنجارن، بیٹی، ڈاچی، جی دار، ناگن اور شیر دی بچی شامل ہیں۔

فلم ’سات لاکھ‘ کا گانا ’آئے موسم رنگیلے‘ نیلو بیگم کی پہچان بنا۔