• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شان شاہد کا مرحومہ والدہ کیلئے جذباتی پیغام

پاکستان فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ نیلو بیگم کے بیٹے اداکار شان شاہد نے اپنی مرحومہ والدہ کی یاد میں سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شان شاہد نے  بچپن کی اپنی یادگار تصویر شیئر کی ہے جس میں اُن کی مرحومہ والدہ نیلو بیگم نے اُنہیں گود میں اُٹھایا ہوا ہے۔

ٹوئٹر پر شیئر کی گئی تصویر کے ساتھ شان شاہد نے اپنی والدہ کو یاد کرتے ہوئے اُن کے لیے ایک جذباتی پیغام بھی لکھا۔

اداکار شان شاہد نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ’جب میں نے اپنے والد کو کھویا تھا تو اُس وقت میری والدہ نے مجھے باپ کی طرح تھام لیا تھا۔‘

شان شاہد نے کہا کہ ’جب میں چلتا تھا تو اپنی والدہ کے نقش قدم پر چلتا تھا اور جب میں بھاگتا تھا تو وہ ہمیشہ مسکراتے ہوئے فائنل لائن پر موجود ہوتی تھیں۔‘

اداکار نے کہا کہ ’میری والدہ مجھے جو ہدایت دیتی تھیں وہ میرے لیے ایک قانون بن جاتا تھا۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے اپنے سفر میں جہاں بھی والدہ کو دیکھا تو وہ سفر میرے لیے منزل بن جاتا تھا۔‘

 واضح رہے کہ 80 سالہ نیلو بیگم گزشتہ دنوں لاہور میں انتقال کرگئی تھیں، اداکارہ نیلو بیگم فلم ڈائریکٹر مرحوم ریاض شاہد کی اہلیہ اور اداکار شان کی والدہ تھیں جبکہ ان کا اصل نام عابدہ ریاض تھا۔

وہ کافی عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں۔ اداکارہ نیلو 1940 میں بھیرہ میں پیدا ہوئیں، 1956میں فلم ’بھوانی جنکشن‘ میں بطور چائلڈ اسٹار کام کیا۔

انہوں نے کئی یاد گار فلموں میں فنِ اداکاری کے جوہر دکھائے، جن میں دوشیزہ، عذرا، زرقا، بنجارن، بیٹی، ڈاچی، جی دار، ناگن اور شیر دی بچی شامل ہیں۔

فلم ’سات لاکھ‘ کا گانا ’آئے موسم رنگیلے‘ نیلو بیگم کی پہچان بنا۔

تازہ ترین