کمپنی کا نام تبدیل کرنے کے فوائد اور نقصانات

April 04, 2022

زیادہ تر نئے انٹرپرینیور اس بات پر غور کرتے ہیں کہ کاروبار کو شروع کرنے سے پہلے اپنی کمپنی کا نام کیسے رکھا جائے؟ ایک بار جب وہ کوئی نام منتخب کرلیتے ہیں، تو اکثر یہی سوچتے ہیں کہ مستقل طور پر ان کی کمپنی کا یہی نام رہے گا۔ تاہم، ایسا بھی ہوتا ہے کہ جو کاروباری نام منتخب کیا جائے وہ طویل مدت کمپنی کے لیے صحیح نام نہ ہو۔ اسی وجہ سے، بہت سے کاروباری مالکان ری برانڈنگ کا فیصلہ کرتے ہیں۔

کاروبار میں متعدد وجوہات (کچھ حکمت عملی اور کچھ زیادہ عملی نوعیت) کی بنا پر نام تبدیل کیا جاتا ہے۔ محرکات سے قطع نظر، کمپنی کا نام تبدیل کرنا اکثر مثبت اور منفی دونوں طرح کے نتائج کا باعث بنتا ہے۔ تمام بڑے کاروباری فیصلوں کی طرح، اپنی کمپنی کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کرنے سے پہلے اس کے فوائد اور نقصانات کا اندازہ لگا لینا چاہیے۔ زیرِ نظر مضمون میں، اسی کا جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ آپ اس عمل کے لیے پوری طرح تیار ہوں، ساتھ ہی کاروبار کا نام تبدیل کرنے کے بارے میں چند تجاویز بھی پیش ہیں۔

’ری برانڈ‘ کیلئے بہترین نام کا انتخاب

اگر آپ ابھی کاروبار شروع کر رہے ہیں، تو آپ وقت نکال کر ایک پُرکشش کاروباری نام منتخب کر سکتے ہیں، جس سے یہ پتہ چلتا ہو کہ آپ کا کاروبار کیا ہے۔ تاہم، اگر آپ اپنے موجودہ کاروبار کا نام تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو یہ عمل کچھ زیادہ پیچیدہ ہو سکتا ہے۔ اس کا آغاز کرنے سے پہلے غور کریں کہ آپ نیا کاروباری نام منتخب کرنے میں کیوں دلچسپی رکھتے ہیں؟ ذیل میں کچھ عام وجوہات بیان کی جارہی ہیں، جن کی وجہ سے کاروباری مالکان نام تبدیل اور ری - برانڈ کرنے کا عمل شروع کرتے ہیں:

٭ وہ نئی مصنوعات یا خدمات پیش کررہے ہیں لیکن ان کا موجودہ کاروباری نام اس بات کو محدود کرتا ہے۔

٭ کمپنی کا نام مقامی سطح پر کاروبار کرنے والی کسی دوسرے کمپنی کے نام سے ملتا جلتا ہے، جس کی وجہ سے صارفین اکثر الجھ جاتے ہیں۔

٭ کمپنی کا کاروباری نام کسی اسکینڈل میں ملوث ہوگیا، جس کی وجہ سے انٹرپرینیور مستقبل میں کسی مصیبت یا مسائل سے بچنا چاہتے ہیں۔

٭ وہ سمجھتے ہیں کہ ان کا موجودہ کاروباری نام بہت بورنگ ہے، اس لیے وہ اس نام کو ری برانڈ کرکے زیادہ منفرد نام رکھنا چاہتے ہیں۔

اس بات سے قطع نظر کہ ری برانڈنگ کی کیا وجہ ہے، بہترین نام منتخب کرنے کے لیے وقت نکالنا چاہیے۔ بہت سے کاروباری مالکان اپنے موجودہ صارفین سے بھی اس حوالے سے آئیڈیاز مانگتے ہیں۔ اپنے نام کی تبدیلی کو آفیشل بنانے سے پہلے ذیل میں درج فوائد اور نقصانات پر غور کرنا یقینی بنائیں۔

نئے نام کا برانڈ سے زیادہ موافق ہونا

بہت سے کاروباری مالکان جب کاروبار کا آغاز کرتے ہیں تو یہ نہیں جانتے کہ ان کا برانڈ کیا ہے، لہٰذا وہ عملی مقاصد کے لیے ایک نام کا انتخاب کرتے ہیں۔ تاہم، جیسے جیسے کاروبار بڑھتا ہے ، آپ اپنی کمپنی کی برانڈنگ کے ساتھ زیادہ بہتر حکمت عملی اختیار کر سکتے ہیں۔ اس میں کمپنی کا نام تبدیل کرنا شامل ہو سکتا ہے، خاص طور پر اگر ابتدا میں آپ نے کسی عام یا غیر رسمی نام کے ساتھ شروعات کی تھی ۔

ایسا کاروباری نام کا انتخاب کرنا، جو نہ صرف آپ کے برانڈ کے ساتھ منسلک ہو بلکہ لوگوں کے لیے یاد رکھنا بھی آسان ہو، تو یہ ممکنہ طور پر گونج پیدا کرے گا۔ اس کے علاوہ، یہ کمپنی کو اپنے مختلف حریفوں کے مقابلے میں نمایاں ہونے میں بھی مدد کرے گا۔

مختلف ڈیموگرافک کو ٹارگٹ کرنا

کسی بھی کاروبار کے لیے شناختی بحران کا سامنا کرنا کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے۔ جب ایسا ہوتا ہے، تو بہت سی کمپنیاں ری برانڈنگ کرکے خود کو نئے سرے سے منظرعام پر آنے کا انتخاب کرتی ہیں۔ مثال کے طور پر، کمپنی کو یہ احساس ہو سکتا ہے کہ وہ مارکیٹ کے ایک ایسے سیگمنٹ میں مقبول ہو گئی ہے، جسے اس نے کبھی ٹارگٹ کرنا نہیں چاہا تھا۔ ایسے میں، کمپنی کا نام تبدیل کرکے نئے سرے سے اس کی شناخت کو متعین کیا جاسکتا ہے اور ایک نئے یا توسیع شدہ کسٹمر بیس کو ہدف بنایا جاسکتا ہے۔ ایسا کرنے سے، کاروبار کے لیے طویل مدتی فائدے ہوسکتے ہیں۔

تجربے سے فائدہ اٹھانا

جب آپ کوئی کاروبار شروع کرتے ہیں تو ہر چیز سیکھنے کا تجربہ ہوتا ہے۔ اپنے کاروبار کے لیے نام کا انتخاب کرتے وقت بھی ایسا ہوتا ہے۔

ممکن ہے کہ ابتدا میں آپ نے ایک ایسا نام منتخب کیا ہو جو حد سے زیادہ وضاحتی تھا یا شاید آپ کا منتخب کردہ نام کافی وضاحتی نہیں تھا، جس کی وجہ سے آپ کے ممکنہ صارفین کو الجھن کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک بار جب آپ کو اپنے کاروبار کی مصنوعات اور خدمات پر اعتماد ہوجائے اور آپ کو معلوم ہو کہ آپ کے صارفین کون ہیںتو آپ زیادہ مناسب کاروباری نام منتخب کر سکتے ہیں۔

نیا نام صارفین کو الجھا سکتا ہے

کاروبار میںساکھ بنانے اور اپنے ٹارگٹ کسٹمر بیس میں نام کی پہچان حاصل کرنے میں وقت لگتا ہے۔ اس وجہ سے، کمپنی کا نام تبدیل کرنا موجودہ صارفین کو الجھا سکتا ہے اور اس کی اب تک کی پیشرفت کو ضائع کر سکتا ہے۔ یہاں تک کہ اگر کمپنی واضح طور پر یہ بتاتی ہے کہ وہ کاروبار کو ری برانڈ کر رہی ہے، تو اس بات کا امکان موجود ہے کہ یہ خبر ہر ایک تک پہنچے۔

کمپنی کو اپنے نام کی تبدیلی کے بعد کم از کم چند الجھے ہوئے صارفین کو کھونے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ درحقیقت، میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر آپ کا اصل نام تلاش نہ کرپانے کی صورت میں کچھ لوگ یہ سمجھ سکتے ہیں کہ آپ کا کاروبار بند ہو گیا ہے۔

ری برانڈنگ کا مہنگا اور پیچیدہ ہونا

کاروبار کو کامیابی کے ساتھ ری برانڈ کرنے میں لگنے والے وقت اور محنت کا غلط اندازہ لگانا آسان ہے۔ مثال کے طور پر، کمپنی کومتعلقہ اداروںکو یہ بتانے کے لیے مطلع کرنے کی ضرورت ہوگی کہ اب وہ ایک نئے کاروباری نام سے کام کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ، کمپنی کو ہر وہ چیز بھی اَپ ڈیٹ کرنی ہوگی، جس میں اس کے پرانے کاروباری نام کی خصوصیات ہوں، جیسے کہ:

٭ کاروباری لائسنس اور اجازت نامہ

٭ بزنس کارڈ

٭ کمپنی کی آفیشل بزنس ویب سائٹ

٭ کمپنی کا پتہ

٭ سوشل میڈیا ہینڈل

٭ سائن بورڈ وغیرہ

سسٹم کو اَپ ڈیٹ کرنا اور نئے مٹیریل کا آرڈر دینا نہ صرف مہنگا ہوتا ہے بلکہ یہ کمپنی کو ہفتوں یا مہینوں بھی پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔ کمپنی کا نام تبدیل کرنے سے پہلے ان چیزوں کی نشاندہی کرنے کی کوشش کریں، جو اس عمل سے متاثر ہوں گے اور ایک واضح منصوبہ تیار کریں۔ یہاں تک کہ ایک خطا کے بھی دور رَس اثرات ہو سکتے ہیں۔

پرانے نام پر واپس جانا مشکل

فوربز کے مطابق، کاروبار کے حجم اور صنعت کے حساب سے ری برانڈنگ کی اوسط لاگت ایک ہزار سے 50ہزار ڈالر تک ہوسکتی ہے۔ تاہم، اگر آپ کی مہم ناکام ہو جاتی ہے تو یہ اخراجات آسانی سے دو گنا ہو سکتے ہیں۔ اپنے نئے کاروباری نام کے آئیڈیا کے ساتھ آگے بڑھنے سے پہلے اس بات کو یقینی بنائیں کہ یہ آپ کے کاروبار کے لیے صحیح اقدام ہے۔ اپنے اصل نام اور برانڈ پر واپس جانا مہنگا ہوتا ہے، ساتھ ہی کمپنی کی ساکھ کو پہنچنے والے نقصان کو ٹھیک کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔

نام کی تبدیلی سے قبل کاروبار کے مستقبل پر غور

جب کمپنیوں کے نام تبدیل کرنے کی بات آتی ہے تو کامیابی اور ناکامی کی ان گنت کہانیاں موجود ہیں۔ کچھ معاملات میں، ایک نیا کاروباری نام منتخب کرنے سے کمپنی کو ترقی کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ تاہم، دوسری صورتوں میں یہ ایک مہنگی اور وقت طلب غلطی ہو سکتی ہے۔ اگر آپ اپنے کاروبار کا نام تبدیل کرنے پر غور کر رہے ہیں، تو آپ کے پاس اس کی اچھی وجہ ہونی چاہیے۔ بس تحقیق کرنا یقینی بنائیں اور پہلے تمام ممکنہ فوائد اور نقصانات کا جائزہ لیں۔