’’مقصد‘‘ کسی بھی کمپنی کے ہونے اور معاشرے میں اس کے مخصوص کردار کا عکاس ہوتا ہے۔ یہ صارف، سرمایہ کار اور ملازم کے فیصلوں میں اہم عنصر جبکہ بورڈ روم اور ریگولیٹری ایجنڈوں کا عام موضوع بن چکا ہے۔ ایک حالیہ تحقیق میں، 28فی صد صارفین نے کہا ہے کہ انہوں نے اخلاقی یا ماحولیاتی خدشات کی بنیاد پر کئی مصنوعات کا استعمال ترک کردیاہے۔ 73فی صد سرمایہ کاروں کا خیال ہے کہ ایک کمپنی کا سماجی اور ماحولیاتی کوششوں میں حصہ ڈالنا اس کے منافع میں اضافے کی وجہ بنتا ہے۔ مارکیٹ کی حالیہ کارکردگی2021ء کے اوائل سے ماحولیاتی، سماجی، اور گورننس (ESG) فنڈز کی S&P 500 کمپنیوں سے بہتر کارکردگی اس دعوے کی توثیق کرتی ہے۔
دیگر اصطلاحات جیسے پائیداری، ذمہ داری، یا شراکت دارانہ سرمایہ کاری - اسی تصور کو بیان کرنے کے لیے استعمال کی جا سکتی ہیں: بہتر منافع اور شراکت داروں کی اہمیت کو تسلیم کرتےہوئے، کمپنیوں کو لوگوں اور زمین پر اپنے منفرد مثبت اثرات کو معتبر طریقے سے ظاہر کرنا چاہیے۔ کارپوریٹ لیڈرز کے لیے یہ جاننا مشکل ہو سکتا ہے کہ کیا کرنا ہے یا کہاں سے شروع کرنا ہے، لیکن ادارہ جاتی مقصد کو ظاہر کرنے کے لیے ناکافی اقدام کمپنیوں کے لیے خطرات اور اخراجات بڑھا سکتے ہیں۔
ادارہ جاتی مقصد کا مظاہرہ
ڈیلوئٹ نے مختلف صنعتوں کی نمائندگی کرنے والے400کاروباری سربراہان کا سروے کیا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ ان کی کمپنی ’’مقصد‘‘ کے حصول کے لیے کیوں اور کس طرح ترجیحات کا تعین کرتی ہے۔ سروے نتائج کے تجزیے سے پتہ چلتا ہے کہ ہر شعبے کی کمپنیاں اپنے شعبے میں نسبتاً طاقت اور خلا رکھتی ہیں، مقصد کو ظاہر کرنے کے لیے ان میں درج ذیل مشترکہ باتیں پائی جاتی ہیں:
اعلان کردہ باتوں پر عمل کریں
کارپوریٹ لیڈرز کا ایک بڑا حصہ یعنی 43فی صد کا کہنا ہے کہ ان کی کمپنی ادارہ جاتی مقصد کو مارکیٹنگ اور برانڈ بلڈنگ کے طور پر دیکھتی ہے۔23فی صد کے مقابلے میں 52فی صد جواب دہندگان کا مؤقف تھا کہ ان کی کمپنی میں ’’مقصد‘‘ کو مطلوبہ اہمیت نہیں دی جاتی۔ یہ لائحہ عمل پُرخطر ہے۔ جب کمپنیاں توقعات پر پورا نہیں اُترتیں تو انھیں اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جن میں برانڈ پر لوگوں کے اعتماد میں کمی اور قانونی پیچیدگیاں شامل ہیں۔ مزید برآں، جب مینجمنٹ کا لائحہ عمل ملازمین کے اقدار سے موافقت نہیں رکھتا تو کئی ملازمین ادارے کو خیرباد کہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
سروے کے نتائج سے ایک یہ بات بھی سامنے آئی کہ جو کمپنیاں ’’مقصد‘‘ کے حصول کے لیے صفِ اوّل میں شمار ہوتی ہیں، وہ اس کا مظاہرہ اپنی بنیادی کاروباری سرگرمیوں کے ذریعے کرتی ہیں۔ کارپوریٹ لیڈرز کو ایک فعال مقصد کی حکمت عملی کی طرف بڑھنا چاہئے؛ اسے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے ذریعہ چلایا جانا چاہئے، بہترین عمل اور معیارات کے ذریعے آگاہ کیا جانا چاہئے، اور طویل مدتی قدر اور اثر پر نظر رکھتے ہوئے اسے آپریشنز کے تمام شعبہ جات پر لاگو کرنا چاہیے۔ پراڈکٹ ڈیزائن اور ڈیلیوری، ٹیکنالوجی اور ڈیٹا کا استعمال، برانڈ میسجنگ، ملازمین اور کمیونٹی کی سرگرمیوں اور ایک ’’متحد مقصد‘‘ کے فریم ورک کے ذریعے کمپنیوں کو اپنی بنیادی کاروباری حکمت عملی پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔
اہم مسائل کے حل پر کام کریں
کوئی بھی دو صنعتیں، کمپنیاں یا نقطہ نظر ادارہ جاتی مقصد کے لیے بالکل یکساں نہیں ہوسکتے۔ کچھ ESG مسائل کسی مخصوص کمپنی کے لیے زیادہ اہم یا متعلقہ ہو سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر، کوئی مسئلہ ادارہ کی مالی حالت یا ویلیوایشن، یا اس کے شراکت داروں کی زندگیوں کو متاثر کر سکتا ہے، یا ادارے کا اس مسئلہ پر اہم اثر ہو سکتا ہے۔ اگرچہ کچھ مسائل ایک سے زیادہ صنعتوں میں عام ہیں، جبکہ دیگر کئی مسائل مخصوص صنعتوں کے لیے نمایاں طور پر زیادہ متعلقہ ہیں۔
ایک مضبوط ادارہ جاتی مقصد کی حکمت عملی کمپنی کے اہم ترین مسائل کی نشاندہی کرتی ہے اور ان کو حل کرنے کے لیے ایک جامع، امتیازی نقطہ نظر قائم کرتی ہے۔ وہ کمپنیاں جو مؤثر طریقے سے ایسی حکمتِ عملی اختیار کرتی ہیں، وہ اپنی خدمات اور مصنوعات پر اضافی قیمت وصول کرتی ہیں، جسے ’’پریمیم پرائس‘‘ کہا جاتا ہے۔
ہرچندکہ کئی انفرادی کمپنیاں ’’مقصد‘‘ سے متعلق سرمایہ کاری پر دسیوں ارب خرچ کر رہی ہیں، سروے شدہ کارپوریٹ لیڈرز اہم مسائل پر ایک قابل ذکر حد تک بے عملی کا انکشاف کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر، جو کارپوریٹ لیڈرز تنوع، مساوات اور شمولیت کو اپنی صنعت کے لیے تین اہم ترین مسائل پر شناخت کرتے ہیں، سروے میں ان میں سے صرف 68فی صد رپورٹ کرتے ہیں کہ وہ اس مقصد کے لیے واقعتاً عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں اور نتائج کی پیمائش کررہے ہیں۔
اثر کی پیمائش کے بارے میں متحرک رہیں
کوئی کمپنی اس وقت تک اپنے مقصد میں سرمایہ کاری نہیں کرے گی، اگر وہ مالی طور پر منافع بخش نہ ہو۔ زیادہ تر کارپوریٹ لیڈرز (82فی صد) کہتے ہیں کہ ان کی کمپنی کی ’مقصدی حکمت عملی‘ کا بنیادی مرکز کاروباری قدر پیدا کرنا ہے۔ وہ جواب دہندگان جن کی کمپنیاں ادارہ جاتی مقصد کے لیے جامع، ڈیٹا پر مبنی کاروباری کیس رکھتی ہیں، ان میں قدر پیدا کرنے کے متوقع ذرائع کی ایک وسیع رینج کی اطلاع دینے کا امکان زیادہ ہوتا ہے، جن میں مصنوعات، خدمات اور نئی منڈیوں سے آمدنی میں اضافہ شامل ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ مقصدی اقدامات کی طرف زیادہ اہم سرمایہ کاری کو آگے بڑھانے کے لیے کاروباری کیس کو مضبوط بنانے میں کیا چیز مدد کرے گی، تمام صنعتوں سے تعلق رکھنے والے جواب دہندگان کا کہنا ہے کہ خاص طور پر سماجی اور ماحولیاتی مسائل پر کمپنیوں کی سرمایہ کاری کے اثرات جاننے کے لیے انہیں بہتر ڈیٹا کی ضرورت ہے۔
بہت سی کمپنیاں اپنے اقدامات کے اثرات کی پیمائش اور رپورٹنگ میں رہنمائی کے لیے بین الاقوامی معیارات اور فریم ورک کا انتظار کر رہی ہیں۔ تاہم، کارپوریٹ لیڈرز کو انتظار کرنے کے بجائے ESG معیارات کے مطابق اثرات کی خاص طور پر سماجی پیمانے پر پیمائش کرکے، ان معیارات کی تشکیل میں کردار ادا کرنا چاہیے۔
کمپنیوں کو پہلے پیمائش کے موجودہ نظام اور نقطہ نظر کو استعمال کرنا چاہیے تاکہ وہ اپنے مقصد کی ترجیحات کے مقابل اپنی حقیقی کارکردگی کا ڈیٹا اکٹھا کرسکیں۔ کارپوریٹ لیڈرز ایک اسکور کارڈتشکیل دے سکتے ہیں، جس میں ادارہ جاتی مقصدی اقدامات کی روشنی میں اہم فیصلے اور ان کے اثرات کی درجہ بندی کی جاسکتی ہو۔
اپنی صنعت سے باہر دیکھیں
نصف سے زیادہ کاروباری رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ان کی صنعت میں مقصد کو مناسب توجہ نہیں دی جاتی۔ آج کی سماجی، اقتصادی، اور جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال ادارہ جاتی مقصد، اس کی حکمت عملی اور اس پر عمل کے لیے عزم کو مشکل بنا سکتی ہے۔ تمام شعبوں اور صنعتوں میں مقصدی اقدامات کا جائزہ لے کر نقطوں کو جوڑنا کمپنیوں کو زیادہ مضبوط بنا سکتا اور نئے تصورات کو جنم دے سکتا ہے۔ مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی کمپنیاں باہمی تعاون سے مقصدی اثرات کو بڑھا سکتی ہیں۔
مثال کے طور پر،مختلف شعبہ جات میں کام کرنے والے20 سے زائد اداروں کے اشتراک میں ’’گلوبل ہیلتھ ایکویٹی نیٹ ورک‘‘ کا آغاز کیا گیا ہے۔ یہ مشترکہ منصوبہ اس لیے عمل میں آسکا کیوں کہ سب نے یہ تسلیم کیا کہ صحت عامہ اور نسل پرستی کو صحت عامہ کے بحران کے طور پر حل کرنے کے لیے مختلف شعبوں میں تعاون کی ضرورت ہے۔ اس طرح کی کوششیں مختلف صنعتوں اور خطوں میں کمپنیوں کو بہترین طریقوں کا اشتراک کرنے میں مدد کرتی ہیں اور زیادہ اجتماعی اثر کے لیے اپنا حصہ ڈالتی ہیں۔
شراکت داروں کی طرف سے پیغام بلند اور واضح ہے: کارپوریٹ لیڈرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ زیادہ پائیدار اور مساوی مستقبل کو آگے بڑھائیں، وگرنہ وہ کمپنیاں جو اس مقصد کے حصول کا قابل اعتبار حصہ نہیں ہیں، ان کو نقصان اُٹھانا پڑے گا۔