• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاروبار میں پارٹنرشپ کیسے کام کرتی ہے؟

کاروبار شروع کرنے میں بہت سے اہم فیصلے کرنا شامل ہے، خاص طور پر کاروباری ڈھانچے کی صحیح شکل کو منتخب کرنے کے معاملے میں۔ اپنے اختیارات کی تحقیق کرنے اور یہ سمجھنے کے لیے وقت لگانا چاہیے کہ ہر ایک اہم تنظیمی ڈھانچہ کس طرح کام کرتا ہے۔ اس طرح آپ کو اپنی کمپنی کے لیے بہترین انتخاب کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ مختلف کاروباری ڈھانچوں کی اہم شکلوں میں سے ایک پارٹنرشپ ہے۔ 

پارٹنرشپ (شراکت داری) دو یا دو سے زیادہ فریقوں کی طرف سے کاروبار کو منظم کرنے، چلانے اور اس کے منافع کو بانٹنے کے لیے ایک رسمی انتظام ہے۔ اس میں فریقین، جنہیں کاروباری شراکت دار کہا جاتا ہے، اپنے باہمی مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے تعاون کرنے پر اتفاق کرتے ہیں۔ پارٹنرشپ کئی طرح سے قائم ہوسکتی ہے، کچھ میں تمام شراکت دار اپنی ذمہ داریوں (لائیبلیٹیز) اور منافع کو یکساں طور پر بانٹتے ہیں، جبکہ دوسروں میںپارٹنرز کی محدود لائیبلیٹی ہو سکتی ہے۔ 

اس میں نام نہاد یعنی’’سائلنٹ پارٹنر‘‘ بھی ہوتا ہے، جس میں ایک فریق کاروبار کے روزمرہ کاموں میں شامل نہیں ہوتا۔ وسیع معنوں میں، پارٹنرشپ ایک سے زیادہ فریقوں کی طرف سے مشترکہ طور پر کی جانے والی کوئی بھی کوشش ہو سکتی ہے۔ یہ فریقین حکومتیں، غیر منافع بخش ادارے، کاروبار یا نجی افراد ہو سکتے ہیں۔ پارٹنرشپ کے مقاصد بھی وسیع پیمانے پر مختلف ہوتے ہیں۔

پارٹنرشپ کی اقسام

دو یا دو سے زائد افراد کے ذریعے شروع کیے گئے منافع بخش کاروبار کے اندر پارٹنرشپ کی تین اہم اقسام ہیں: جنرل پارٹنرشپ (عام شراکت داری)، لمیٹڈ پارٹنرشپ (محدود شراکت داری) اور لمیٹڈ لائیبلیٹی پارٹنرشپ (محدود ذمہ داری کی شراکت داری)۔

جنرل پارٹنرشپ: اس میں تمام فریق قانونی اور مالی لائیبلیٹی کو یکساں طور پر بانٹتے ہیں۔ افراد ذاتی طور پر ان قرضوں کے ذمہ دار ہوتے ہیں، جو پارٹنرشپ میں لیے جاتے ہیں جبکہ منافع بھی برابر تقسیم کیا جاتا ہے۔ منافع کی تقسیم کی تفصیلات تقریباً یقینی طور پر شراکت کے معاہدے میں تحریری طور پر بیان کی جاتی ہیں۔

لمیٹڈ پارٹنرشپ: یہ جنرل پارٹنرشپ اور لمیٹڈ لائیبلیٹی پارٹنرشپ کا ایک ہائبرڈ ہے۔ پارٹنرشپ کے قرضوں کے لیے مکمل ذاتی لائیبلیٹی کے ساتھ کم از کم ایک پارٹنر کو جنرل پارٹنر ہونا چاہیے۔ کم از کم ایک سائلنٹ پارٹنر ہے جس کی لائیبلیٹی اس کی سرمایہ کاری کی رقم تک محدود ہے۔ یہ سائلنٹ پارٹنر عام طور پر پارٹنرشپ کے انتظام یا روزمرہ کے آپریشن میں حصہ نہیں لیتا۔

لمیٹڈ لائیبلیٹی پارٹنرشپ (LLPs): یہ پیشہ ور افراد کے لیے ایک مشترکہ ڈھانچہ ہے، جیسے کہ اکاؤنٹنٹ، وکلاء اور معمار۔ یہ انتظام شراکت داروں کی ذاتی لائیبلیٹی کو محدود کرتا ہے، مثال کے طور پر اگر ایک پارٹنر پر بدکاری کا مقدمہ چلایا جاتا ہے، تو دوسرے شراکت داروں کے اثاثوں کو خطرہ نہیں ہوتا۔ کچھ قانون اور اکاؤنٹنگ فرمز ایکویٹی پارٹنرز اور تنخواہ دار پارٹنرز کے درمیان مزید فرق کرتی ہیں۔ تنخواہ دار پارٹنرزکا ملکیت میں کوئی حصہ نہیں ہے لیکن انھیں عام طور پر فرم کے منافع کی بنیاد پر بونس دیا جاتا ہے۔

پارٹنرشپ کا دیگر سے مختلف ہونا

پارٹنرشپ کاروبار کی تشکیل کا ایک طریقہ ہے، جس میں دو یا زیادہ افراد (شراکت دار) شامل ہوتے ہیں۔ اس میں تمام شراکت داروں کے درمیان ایک کانٹریکچول معاہدہ (شراکت کا معاہدہ) شامل ہے، جو اپنے کاروباری تعلقات کی شرائط و ضوابط طے کرتے ہیں، بشمول ملکیت، لائیبلیٹیز اور منافع اور نقصانات کی تقسیم کے۔ پارٹنرشپ کاروباری تعلقات اور لائیبلیٹی کا خاکہ پیش کرتی اور واضح طور پر وضاحت کرتی ہے۔ 

تاہم، لمیٹڈ لائیبیلیٹی کمپنیز (LLCs) یا کارپوریشنز کے برعکس، شراکت داروں کو ذاتی طور پر پارٹنرشپ کے کسی بھی کاروباری قرض کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا جاتا ہے، جس کا مطلب ہے کہ قرض دہندگان یا دیگر دعویدار شراکت داروں کے ذاتی اثاثوں کے پیچھے جا سکتے ہیں۔ اس وجہ سے، وہ افراد جو پارٹنرشپ قائم کرنا چاہتے ہیں، شراکت داروں کا انتخاب کرتے وقت انہیں انتہائی احتیاط کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

پارٹنرشپ قائم کرنے کی وجہ

اب سوال یہ ہے کہ اگر شراکت داروں کی محدود لائیبلیٹی نہیں ہے تو پارٹنرشپ کیوں قائم کی جائے؟ پارٹنرشپ کے کئی فائدے ہیں۔ لمیٹڈ لائیبیلیٹی کمپنیز یا کارپوریشنز کے مقابلے میں انہیں ترتیب دینا اکثر آسان ہوتا ہے اور حکومت کے ذریعے ان میں شمولیت کا باقاعدہ عمل شامل نہیں ہوتا ہے۔ کارپوریشنز اور لمیٹڈ لائیبیلیٹی کمپنیز پر لاگو ہونے والے انہی قواعد و ضوابط کے تابع نہ ہونے کا اضافی فائدہ ہے۔ پارٹنرشپ بھی ٹیکس کے زیادہ موافق ہوتی ہے۔

لمیٹڈ پارٹنرشپ

لمیٹڈ پارٹنرشپ (LPs) میں، عام شراکت دار ہوتے ہیں جو فرم کے آپریشنز کو چلاتے ہیں اور ان کی پوری لائیبلیٹی ہوتی ہے، جب کہ لمیٹڈ (سائلنٹ) پارٹنرز، جو اکثر غیر فعال سرمایہ کار ہوتے ہیں یا بصورت دیگر روزمرہ کے کاموں میں شامل نہیں ہوتے، محدود لائیبلیٹی سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ یہ لمیٹڈ لائیبلیٹی پارٹنرشپ (LLP) سے مختلف ہے۔ 

لمیٹڈ لائیبلیٹی پارٹنرشپ میں شراکت دار، پارٹنرشپ کے قرضوں کی ذمہ داری سے مستثنیٰ نہیں ہوتے، لیکن وہ دوسرے شراکت داروں کے ایکشن کی لائیبلیٹی سے مستثنیٰ ہو سکتے ہیں۔ لمیٹڈ لائیبلیٹی لمیٹڈ پارٹنرشپ (LLLP) ایک نسبتاً نئی کاروباری شکل ہے جو LPs اور LLPs کے پہلوؤں کو یکجا کرتی ہے۔

کس کاروبار کے لیے پارٹنرشپ بہترین ہے؟

پارٹنرشپ اکثر پیشہ ور افراد کے ایک گروپ کے لیے بہترین ہوتی ہے جو ایک جیسے کام سے جڑے ہوتے ہیں، ہر پارٹنر کا کاروبار چلانے میں فعال کردار ہوتا ہے۔ ان میں اکثر طبی پیشہ ور، وکلاء، اکاؤنٹنٹ، کنسلٹنٹس، فنانس اور سرمایہ کاری سے منسلک افراد اور معمار شامل ہوتے ہیں۔