• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین کیلئے اپنے کاروبار میں کامیابی کے مواقع

اپنا کاروبار شروع کرنا ہر ایک کی خواہش ہوتی ہے لیکن یہ حقیقت ہے کہ اپنا کاروبار کرنا ہر ایک کے بس کی بات نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مواقع اور وسائل ہونے کے باوجود بہت سارے لوگ اپنے آرام دہ دائرے میں رہتے ہوئے نوکری کو ترجیح دیتے ہیں۔ اپنا کاروبار شروع کرنا بھی کوئی آسان کام نہیں، مضبوط اعصاب کے مالک افراد بھی نروس ہوجاتے ہیں۔ ایسے میں خواتین کے لیے اپنے کاروبار کا آغاز اور بھی چیلنجنگ بن جاتا ہے۔ 

تاہم، اگر آپ خاتون ہیں اور کاروبار شروع کرنے کا فیصلہ کرچکی ہیں، اس سلسلے میں پُرجوش بھی ہیں تو آپ کو انٹرپرینیورشپ کی رولر کوسٹر پر بیٹھنے سے پہلے کچھ اقدامات کرنے ہوں گے۔

خاندان کی معاونت حاصل کریں

سب سے پہلے تو اپنی فیملی سے صلاح مشورہ کریں (بالخصوص اگر آپ شادی شدہ ہیں) کیونکہ ایسے میں آ پ کو ان کی سپورٹ کی ضرورت زیادہ ہوگی۔ اگر آپ شادی شدہ ہیں اور ایسے میں ہوسکتا ہے آپ کو میٹنگز اٹینڈ کرنی ہوں یا کاروباری دورے پر شہر سے باہر جانا پڑے توگھر کا کوئی فرد آپ کے بچوں کی دیکھ بھال کرلے یا آپ کا شوہر خیال کرتے ہوئے ہاتھ بٹائے تاکہ آپ اضافی کام کرسکیں اور سب سے بڑھ کر یہ کہ گھر والوں کے علم میں سب کچھ ہونا چاہئے تاکہ آپ زندگی کے نشیب و فراز سےگزریں تو وہ آپ کے ساتھ ہوں۔ سب سے اہم بات یہی ہے کہ اپنا کاروبار کرنے کے جذبے میں اپنی فیملی کو نظر انداز نہ کریں۔ گھر والوں کے ساتھ مل بیٹھنے کے لیے وقت نکالیں، آخر آپ یہ سب کچھ اپنی فیملی کے لیے ہی تو کرنے جار ہی ہیں۔

دوسروں سے سیکھنے کا آغاز کریں

اب آتے ہیں کاروبار کی طرف۔ سب سے پہلے ان خواتین کےساتھ وقت گزاریں جو آپ جیسے ذہن کی مالک ہیں یا دوسرے لفظوں میں وہ آپ جیسی ہی انٹر پرینیور ہیں۔ انہیں تلاش کریں، ان کے ساتھ کافی پیتے ہوئے گپ شپ کریں اور ان کے تجربات سے استفادہ کریں۔ جن خواتین نے اپنی انٹرپرینیورشپ سے دنیا کو متاثر کیا ہو، ان کے نیٹ ورک میں شمولیت اختیار کریں۔

کاروبار کا لائحہ عمل تیار کریں

جب آپ اپنے کاروبار کے حوالے سے کسی فیصلے پر پہنچ جائیں تو اس کا کاروباری لائحہ عمل یا بزنس پلان تیار کریں۔ آپ کا بزنس پلان آپ کے سرمائے کے مطابق ہونا چاہئے تاکہ اس سلسلے میں آپ کسی ابہام کاشکار نہ ہوں۔ بینک یا کسی سرمایہ کار کی مدد سے زائد رقم کا بندوبست ہوجائے تو پھر اس کے مطابق پلان بنالیں۔ آپ کا بزنس پلان ہی آپ کی رہنمائی کرے گاکہ اسے کس سمت جانا چاہیے۔

مسابقت کیلئے خود کو تیار کریں

آپ کوئی بھی کاروبار کریں، اس کے لیے آپ کو میدان خالی نہیں ملے گا۔ آپ کے حریف پہلے سے موجود ہوں گے اور اگر آپ ابتدا کرنے والوں میں سے ہیں تو حریف پیدا ہو جائیں گے، جن کے بارے میں چوکنا رہنا بہت ضروری ہے۔ کاروباری دنیا میں پیشہ ورانہ روّیہ ہمیشہ کام کرتاہے کیونکہ اس سے آپ اپنے حریفوں سے باخبررہتی ہیں۔ ان کے طرز عمل اور مستقبل کے لائحہ عمل سے آپ آشنا ہو سکتی ہیں۔ بعض اوقات آپ اپنے حریفوں سے سیکھتی ہیں، جبکہ بعض حریف آپ کے اچھے دوست بھی بن جاتے ہیں۔ لہٰذا ان سے خوف کھانے کے بجائے اچھے مراسم قائم کرنے کی کوشش کریں اور کاروبار میں اپنے حریفوں کی تکنیکس سے استفادہ کریں۔

ٹیم کی اہمیت

ایک بہترین ٹیم بنائیں، اگرآپ ایک اچھی اکائونٹنٹ نہیں ہیں تو ایک اکائونٹنٹ کی خدمات حاصل کریں اور اس سے تمام مالیاتی امور پر کام لیں۔ اگر آپ ایک اچھی پریزنٹیشن نہیں بناسکتیں یا ای میل نہیں لکھ سکتیں تو اس کے لیے کسی باصلاحیت اسسٹنٹ کو ہائر کریں۔ جو مہارتیں آپ کے پاس نہیں ہیں، ان کی تکمیل کیلئے آپ کو لوگ بھرتی کرنے پڑیں گے، جن کی تنخواہ بھی آپ نے طے کرنی ہوگی۔

میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال

کاروبار میں کامیابی کے لیے روایتی میڈیا جیسے اخبارات، جرائد اور ٹیلی وژن کو استعمال کریں۔ اپنی استعداد اور کاروبار کے اسکیل کے مطابق پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے لیے اشتہارات تیار کریں اور ممکنہ صارفین کو اپنی مصنوعات یا خدمات کی جانب متوجہ کریں۔ ساتھ ساتھ آپ سوشل میڈیا پر بھی صارفین تلاش کرسکتی ہیں، جو آپ کو ٹوئٹر ، فیس بک اور انسٹاگرام پر بآسانی مل جائیں گے۔ مختلف پلیٹ فارمز پر چھان بین کرکے آپ اپنے کاروبار کے لیے صحیح کسٹمرز کو ڈھونڈ سکتی ہیں۔

مینٹور سے سیکھیں

ہر کسی کو اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ کرنے کیلئے ویسے بھی مینٹورکی ضرورت ہوتی ہے اور اس کی اہمیت سے انکار کسی طور ممکن نہیں۔ مشورہ سازی کا عمل مستقبل کیلئے بہت سود مند ثابت ہوتاہے، جو لیڈر شپ صلاحیتیں پروان چڑھانے میں مدد کرتا ہے۔ مینٹورشپ سے آپ نا صرف اپنے کام کے ماحول کو بہتر بناسکتی ہیں بلکہ اپنے ملازمین کا اعتماد بھی حاصل کر سکتی ہیں۔

یاد رکھنے والی چیدہ چیدہ باتیں

٭ وہ کام کریں جو آپ کو پسند ہو، اگر آپ کو انٹر پرینیورشپ پسند نہیں تو نہ کریں ، کیونکہ بحالت مجبوری کاروبار کرنے سے آپ اپنا نقصان کرسکتی ہیں۔

٭ ہمیشہ سوچ بچار میں مصروف رہیں، نت نئی چیزیں سوچتی رہیں۔

٭ کسٹمرز آپ کا بہترین سرمایہ ہوتے ہیں، ان کا ہمیشہ خیال رکھیں۔ انہیں مایوس نہ ہونے دیں، وہ بھی آپ کو مایوس نہیں کریں گے۔

٭ سننے کی عادت اپنائیں۔ اپنے اسٹاف اور کسٹمر ز سے ہمیشہ فیڈ بیک لیتی رہیں۔ اس طرح آپ ان کا بھروسہ جیتنے میں کامیاب رہیں گی۔

٭ اپنی ساکھ پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں اور اپنی پراڈکٹس اور سروسز میں بہتری لاتی رہیں۔