اپنے نجی معاملات سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کروں گا، فرحان سعید

April 15, 2022

پاکستانی نوجوان نسل کے پسندیدہ گلوکار فرحان سعید کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر یہ کبھی شیئر نہیں کروں گا کہ میرے اور اہلیہ، اداکارہ عروہ حسین کے درمیان کیا چل رہا ہے۔

فرحان سعید کی جانب سے گزشتہ روز ایک انٹرویو دیا گیا، اس دوران اُن کا کہنا تھا کہ ’جب آپ مشہور شخصیت ہوتے ہیں تو لوگ یہ بھی جاننا چاہتے ہیں کہ آپ کے گھر میں کیا ہو رہا ہے، میرے مداح یہ چاہتے ہیں اور مجھ سے سوال پوچھتے ہیں کہ میں اپنی نجی زندگی سوشل میڈیا پر کیوں شیئر نہیں کرتا ہوں۔‘

فرحان سعید نے کہا کہ ’اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ میں اُنہیں کوئی غصے سے کڑوا جواب دوں، یہ ایک عام بات ہے کہ بس میں نہیں شیئر کرنا چاہتا کہ میرے گھر میں کیا چل رہا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’عروہ حسین کے ساتھ سوشل میڈیا پر تصویریں شیئر نہ کرنے پر اُنہیں مداحوں کی جانب سے باتیں بھی سننے کو ملتی ہیں، مداح طرح طرح کی کہانیاں گھڑ لیتے ہیں، اسی لیے میں ایسے کمنٹس کا جواب بھی نہیں دیتا۔‘