شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کا دورہ کس کی دعوت پر کیا؟

April 22, 2022

وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز شمالی وزیرستان کا دورہ کیا اور وہاں قبائلی عمائدین سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔

شہباز شریف کے میران شاہ پہنچنے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

قومی اسمبلی کے آ زاد رکن محسن داوڑ نے اپنے ایک بیان میں شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ شہباز شریف نے اُن کی دعوت پر شمالی وزیرستان کا دورہ کیا۔

انہوں نے لکھا کہ میری دعوت پر شمالی وزیرستان کا دورہ کرنے اور علاقے کے لیے اہم منصوبوں کا اعلان کرنے پر میں وزیراعظم شہباز شریف کا شکر گزار ہوں۔

انہوں نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ وزیرستان کے لوگوں کے لیے بنائی گئی ناقص پالیسیوں پر نظرثانی کی جائے گی، اور اسے درست کیا جائے گا۔

محسن داوڑ نے یہ بھی کہا کہ ہماری جدوجہد خطے میں امن کے لیے ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے دورہ شمالی وزیرستان میں میران شاہ میں جدید یونیورسٹی ، دانش اسکول ، میڈیکل کالج اور فوری موبائل اسپتال کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی اضلاع کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں، ہم ان کے مقروض ہیں، ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔