جامعہ کراچی خودکش دھماکے کی CCTV فوٹیج سامنے آگئی

April 26, 2022

کراچی یونیورسٹی میں خاتون خودکش بمبار کی جانب سے چینی باشندوں کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔

فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سفید ہائی ایس وین جامعہ کراچی کے متعلقہ شعبہ کی طرف آرہی ہے جبکہ گاڑی کے عقب میں موٹر سائیکلوں پر رینجرز اہلکار بھی آتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔

اس دوران شعبہ کے باہر ایک لڑکی کو کھڑے دیکھا جا سکتا ہے۔ جونہی ہائی ایس گاڑی لڑکی کے قریب پہنچتی ہے تو خاتون خود کو دھماکے سے اُڑا لیتی ہے۔

دھماکے سے گاڑی کا سیدھے طرف کا حصہ بری طرح تباہ ہوجاتا ہے، گرد و غبار کے ساتھ ہی کیمرا بھی بند ہوجاتا ہے اور گاڑی میں آگ لگ جاتی ہے۔

پولیس کے مطابق اس دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں۔

ادھر ایک دہشت گرد گروپ نے خودکش حملہ آور لڑکی کی تصویر جاری کرتے ہوئے دھماکے کی ذمہ داری بھی قبول کرلی۔