عمران نیازی سیاست بچانے کیلئے قوم کو امریکی غلام ثابت کررہے ہیں، احسن اقبال

May 03, 2022

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران نیازی اپنی سیاست بچانے کیلئے پوری قوم کو امریکا کا غلام ثابت کر رہے ہیں۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ پاکستانی خود دار اور باوقار قوم ہے، 28 مئی 1998 کے بعد کوئی پاکستان کو ڈکٹیشن نہیں دے سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان غلامی میں نہیں، عمران خان ذہنی پستی میں جارہے ہیں، مضبوط معیشت ہی مضبوط اور آزاد پاکستان کی ضمانت ہے۔

وفاقی وزیر نے استفسار کیا کہ عمران نیازی بتائیں کیا 2018 میں امریکا انہیں دھاندلی سے اقتدار میں لایا تھا؟

اُن کا کہنا تھا کہ دھاندلی کی حکومت کو جمہوری قوتوں نے آئینی طریقہ سے نکالا، عمران نیازی دنیا میں پاکستان کو تنہا کر کے دشمنوں کا ایجنڈا پورا کر رہے ہیں۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ اگر سازش کے کرداروں کا پتہ ہے تو قوم کے سامنے رکھیں ڈرامہ نہ کریں، عمران نیازی کی سیاست کا لیول فرح گوگی کا دفاع رہ گیا ہے۔