کمسن بچے اور عورت سمیت4افراد جان کی بازی ہار گئے ، ٹریفک حادثات میں 2شہری چل بسے

May 16, 2022

راولپنڈی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں کم سن بچے اورعورت سمیت 4افرادجان کی بازی ہار گئے۔ اسلام آباد میں ٹریفک حادثات میں دو افراد چل بسے ۔تھانہ نصیرآبادکے علاقہ میں ٹریفک حادثہ میں پانچ سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا ،پولیس کے مطابق اتوار کی سہ پہرپیرودھائی موڑ کے قریب موٹر سائیکل پراپنے والدین اورکم سن بہن کے ہمراہ جانے والا احمدعلی پک اپ گاڑی کے نیچے آکرجاں بحق ہوگیا ۔تھانہ صدرواہ کو آصف علی نے بتایا کہ میری بیٹی عظمیٰ شاہین پر اس کاخاوند مقصود تشدد کرتاتھا ۔ جس نے عدالت میں دعویٰ کر دیا۔ظہور اور مقصود کی دھمکیوں سے تنگ آ کر میری بیٹی عظمی شاہین نے زہریلی گولیاں کھالیں جس سے اس کی موت واقع ہوگئی ۔ تھانہ صدرواہ کو محمد زبیر نے بتایا کہ اطلاع پرہسپتال پہنچا تو میرے بھائی محمد زین کی نعش ایمرجنسی میں پڑی تھی جو ٹرک ڈرائیور کی غفلت لاپرواہی اور تیز رفتاری کی وجہ سے فوت ہو گیاجبکہ دو دوست شدید زخمی ہیں ۔تھانہ ٹیکسلاکو محمد عثمان نے بتایا کہ ٹرک کے ڈرائیور نے بریک لگائی جس کی وجہ سے میرے بھائی کا موٹر سائیکل اس سے ٹکرا گیا جس سے زین علی موقع پر جا ں بحق ہو گیا جبکہ محسن علی اور سید الرحمٰن شدید زخمی ہو گئے۔ دریں اثناء سری نگر ہائی وے پر پولیس لائن موڑ پر ایک شخص ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہو گیا،متوفی کی شناخت محمد حسنین بتائی گئی ہے نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے سپرد کر دی گئی ہے ۔ سری نگر ہائی وے پر تیز رفتار کار نے اسلام آباد پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر ظفر اقبال کی موٹر سائیکل کو ٹکر دے ماری جس سےاے ایس آئی کا بھائی جاں بحق ہو گیا جبکہ اے ایس آئی اور اس کا دوست عامر زخمی ہو گئے۔ تھانہ شمس کالونی پولیس کو ظفر اقبال نےدرخواست دی۔کار ڈرائیور کا نام عثمان معلوم ہوا ہے ، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔