ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس پر مشتمل ٹیمیں پیرکوہ ڈیرہ بگٹی روانہ

May 17, 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کی جانب سے ہیضہ سے متاثرہ علاقے پیرکوہ میں ڈاکٹروں، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف پر مشتمل رضاکارانہ ٹیمیں بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے ، ڈاکٹر صالح بگٹی، ڈاکٹر دانش بگٹی، ڈاکٹر مصور خان، میڈیکل ٹیکنیشن حسنین خان ترین، ڈسپنسر عنایت اللہ خان پر مشتمل ٹیم ڈیرہ بگٹی کیلئے روانہ کردی گئی جبکہ دس کے قریب ینگ ڈاکٹرز پر مشتمل رضاکارانہ ٹیم کئی روز سے پیرکوہ ڈیرہ بگٹی میں پہلے سے موجود ہے،وائی ڈی اے کے ترجمان کے ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ ینگ ڈاکٹرز کی رضاکارانہ ٹیمیں پیرکوہ ڈیرہ بگٹی میں ہیضہ سے متاثرہ افراد کو علاج کی مفت سہولیات فراہم کر رہی ہیں ، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان ہمیشہ کی طرح مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے غریب عوام کے ساتھ کھڑی ہے، وائی ڈی اے نے ہمیشہ بلوچستان کے غریب عوام کیلئے علاج کی بہتر سہولیات کا مطالبہ کیا ہے، پیرکوہ ڈیرہ بگٹی میں رضاکارانہ ٹیمیں بھیجنے کا سلسلہ جاری رہے گا، انہوں نے تمام ینگ ڈاکٹرز ، نرسز ، پیرامیڈیکل اسٹاف سے اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ہے، انہوں نے کہاکہ پیر کوہ ڈیرہ بگٹی میں ہیضہ سے متاثرہ افراد کو رضاکارانہ طور پر طبی سہولیات فراہم کرنے کے خواہشمند ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف ترجمان ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سے رابطہ کریں۔