پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مضبوط تر ہورہے ہیں، فواز عبداللّٰہ العثیمین

May 17, 2022

سعودی عرب کے پاکستان میں میڈیا ڈائریکٹر فواز عبداللّٰہ العثیمین کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی سیاسی، سماجی، معاشی اور عوامی تعلقات ہیں جو وقت گزرنے کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہورہے ہیں۔

میڈیا ڈائریکٹر فواز عبداللّٰہ العثیمین نے روزنامہ ’جنگ‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے عوام ایک دوسرے سے محبت اور بھائی چارے کا رشتہ رکھتے ہی، یہ تعلق اور محبت سیاسی حکومتوں کی تبدیلی سے بالاتر ہے۔

فواز عبداللّٰہ العثیمین نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ویژن 2030ء پر تیزی سے کام جاری ہے جس کے تحت ہر شعبے میں جدیدیت کے لیے کام ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں سیاحت کی بہت سی چیزیں دیکھنے والی ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی عوام مدینہ منورہ، مکہ معظمہ اور جدہ کے علاوہ بھی سعودی عرب کے مختلف مقامات کی سیاحت کریں۔