امن کی خاطر ویرات کوہلی کو کشمیر پریمیئر لیگ کھیلنے کی دعوت

May 18, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ کرکٹ روابط 2007 سے منقطع ہیں ۔ پاکستانی کرکٹرز نے پہلے ایڈیشن کے بعد آئی پی ایل جبکہ بھارتی کھلاڑیوں نےپاکستان سپر لیگ کے سات میں سے کسیایڈیشن میں شرکت نہیں کی لیکن اب کشمیر پر یمیئر لیگ کے منتظمین نے انوکھی منطق پیش کرتے ہوئے ویرات کوہلی کو شرکت کی دعوت دی ہے ۔ لیگ کے صدر عارف ملک نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ویرات کوہلی کو کشمیر پریمیئر لیگ میں شرکت کرنے کے لیے دعوت نامہ ارسال کیا جائے گا۔ ہم امن کے پیغام کیلیے کوہلی کو خط لکھ رہے ہیں کہ وہ ایک میچ کھیلیں یا کم سے کم ایک میچ آکر دیکھیں۔ کشمیر پریمیئر لیگ کی کسی سے جنگ نہیں ، ہم امن کا پیغام دے رہے ہیں۔ ٹورنامنٹ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، پہلے سیزن کی طرح مظفرآباد اسٹیڈیم میں ہی دوسرا سیزن بھی منعقد ہوگا،سیزن ٹو کا یکم اگست سے باقاعدہ آغاز کرنے جارہے ہیں۔ 14 اگست کو جب پاکستان کا 75 واں جشن آزادی منایا جائے تب فائنل ہوگا۔