آئندہ سال تین ملکی سیریز کیلئے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم پھر پاکستان آئیگی

April 27, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اگلے سال ایک اور سیریز کا امکان ہے جس میں پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کی سر زمین پر محدود اوور کی سیریز میں مد مقابل ہوگی۔جبکہ نیوزی لینڈ کرکٹ کے سی ای او ویننک نے کہا کہ نیوزی لینڈ 2025 کی چیمپئنز ٹرافی سے قبل سہ ملکی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔کر کٹ ویب سائٹ کے مطابق فروری سے مارچ 2025 تک پاکستان میں منعقد ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ جائے گی، یہ اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہیڈ کوارٹر میں ایک میٹنگ کے بعد کیا گیا جہاں چیئرمین محسن نقوی اور نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اسکاٹ ویننک نے کرکٹ کی آئندہ مصروفیات پر تبادلہ خیال کیا۔اس دورے میں پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ میں پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں اور تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں حصہ لے گی۔