بابر اعظم کی میچ وننگ اننگز، شاہین آفریدی کی تباہ کن بولنگ، نیوزی لینڈ کو شکست

April 28, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کپتان بابر اعظم کی میچ وننگ اننگز کے بعد سابق کپتان شاہین شاہ آفریدی کی تباہ کن بولنگ کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پانچواں ٹی ٹوئنٹی دلچسپ مقابلے کے بعد 9رنز سے جیت لیا اور سیریز دو دو میچوں سے برابری پر ختم ہوئی۔کپتانی سے محروم ہونے کے بعد شاہین آفریدی نے جارحانہ بولنگ کی وہ پلیئر آف دی میچ اور پلیئر آف دی سیریز قرار پائے۔ایک موقع پر مہمان ٹیم جیت کی طرف گامزن تھی لیکن شاہین کے اسپیل نے صورتحال تبدیل کی اور نیوزی لینڈ کی ٹیم چار گیندیں پہلے169رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔ ہفتے کی شب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شاہین آفریدی نے 30رنز دے کر چار وکٹ حاصل کئے۔اسامہ میر نے21رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔پاکستان نے تاریخ میں پہلی بار آٹھ بولروں کو بولنگ دی۔نیوزی لینڈ کی اننگز میں ٹم سائفرٹ نے دھواں دار اننگز سے اپنی ٹیم کو برق رفتار آغاز فراہم کیا۔شاہین آفریدی نے پہلے اوور میں بلنڈل کو بولڈ کیا اس کے بعد سائفرٹ نے52رنزبنائے۔اسامہ میر نے انہیں بولڈ کی اس کے بعد پاکستانی اسپنرز چھا گئے۔شاہین شاہ نے دوسرے اسپیل میں تین وکٹ حاصل کئے۔آخری میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائےسیریز کے مسلسل تیسرے میچ میں پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے178رنز بنائے ہیںبابر نے بہترین کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور نصف سنچری اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ فخر زمان کے ہمراہ اسکور کو 123تک پہنچایا ۔بابراسی اسکور پر 44 گیندوں پر 69رنز بنانے کے بعد آوٹ ہوئے انہوں نے دو چھکے اور چار چوکے مارےبابر اعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ چوکے لگانے والے بیٹر بن گئے۔فخر زمان نے 43،عثمان خان ،31اور شاداب خان نے15ناٹ آوٹ رنز بنائے۔