عامر لیاقت حسین کو غرور نے ڈبویا ہے، مشی خان

May 18, 2022

مشی خان کی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین پر شدید تنقید

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مشی خان کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت حسین کو غرور نے ڈبویا ہے۔

مشی خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے، اس ویڈیو میں انہیں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین پر شدید تنقید کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

اُنہوں نے ویڈیو میں کہا ہے کہ’یہ عامر لیاقت حسین جو ہر روز کیمرہ آن کرکے اپنی ناکام ترین اداکاری شروع کردیتے ہیں کبھی رونا رورہے ہوتے ہیں، کبھی کہہ رہے ہوتے ہیں کہ میں پاکستان چھوڑ کر جارہا ہوں تو بھئی کب جارہے ہیں؟‘

اُنہوں نے عامر لیاقت حسین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ’اگر آپ کو ٹکٹ کا کوئی مسئلہ ہے تو ہم سب مل کر آپ کا ون وے ٹکٹ کرواتے ہیں تاکہ آپ ملک سے باہر جاکر سکون کریں اور اپنے دماغ کا علاج کروائیں۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ’آپ کا جو غرور ہے ناں، اس نے آپ کو ڈبو دیا ہے اور مکافاتِ عمل بھی ہے۔‘

مشی خان نے عامر لیاقت حسین کو یاد دلایا کہ’ آپ نے مرحوم جنید جمشید کی والدہ کے لیے جو کچھ آن ایئر کہا تھا میں نے وہ سنا تھا اور وہ سن کر میں دنگ رہ گئی۔‘

اُنہوں نے کہا کہ’وہ تو جنید جمشید بہت اچھے انسان تھے کہ انہوں نے سب سن کر صرف اتنا کہا کہ انہیں اور ان کے خاندان کو یہ سب سن کر بہت زیادہ دکھ پہنچا ہے اور اس کے بعد ان کی وفات ہوگئی۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ’ خدا نہ کرے اگر آپ میری والدہ کے لیے یہ کہتے تو میں آپ کی آکر طبیعت صاف کرکے آپ کا منہ توڑ دیتی۔‘

مشی خان نے اپنی بات کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ’غرور کا سر نیچا ہی ہوتا ہے، اپنا علاج کروائیں اور یہاں سے جلد از جلد چلے جائیں کیونکہ اب یہاں آپ کی ایک دھیلے برابر بھی عزت نہیں ہے، آپ کے رونے پیٹنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، اب بہت دیر ہوچکی ہے۔‘