سندھ حکومت نے مزدور کارڈ متعارف کرا دیا

May 18, 2022

سندھ حکومت نے مزدور کارڈ متعارف کرا دیا، اس حوالے سے صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا ہے کہ مزدور کارڈ انقلابی پروگرام ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ مزدور کارڈ کے فوائد بے نظیر انکم سپورٹ سے زیادہ ہوں گے، جدید فیچر سے آراستہ کارڈ بطور اے ٹی ایم کارڈ بھی استعمال کیا جاسکے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نادرا اس پروجیکٹ کے لیے نئے لوگ بھرتی کرے گا، معاہدے کے تحت مزدور کارڈ بنانے کا کام نادرا کے ذمہ ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس وقت سوا چھ لاکھ کے قریب مزدور رجسٹرڈ ہیں، اسمارٹ شناختی کارڈ والے مزدوروں کو ہی مزدور کارڈ دیا جائے گا۔

سعید غنی نے کہا کہ کم آمدن والے مزدوروں کی تعداد اس سے کئی گنا زیادہ ہے، ہم نے نادرا کے ساتھ مزدوروں سے متعلق ایک معاہدہ کیا تھا، پہلے مرحلے میں ہم نے نادرا کے ساتھ ڈیٹا شیئر کیا ہے۔