چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ صحت کی سہولتوں میں ہمارا مقابلہ کسی صوبے سے نہیں دنیا سے ہے 18ویں ترمیم کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی نے صحت کے نظام میں بہتری پر توجہ دی۔
شہید بےنظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے 7ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج صرف اسناد کی تقسیم کا دن نہیں، بلاتعطل علاج کی فراہمی بھی ہے، فارغ التحصیل طلبہ نے اب عملی زندگی میں قوم کی خدمت کرنی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آپ نے اپنے صوبے کے مختلف علاقوں میں خدمات انجام دینی ہیں، مشکل گھڑی میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف قوم کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں، آپ نے بلاتفریق انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنانا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمیں صحت کے شعبے میں مکمل تیار رہنا چاہیے، ملک کو جب بھی کسی دباؤ کا سامنا ہوا ہمارے ڈاکٹرز اور نرسوں نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ادارے صرف بلڈنگ اور جدید مشینری سے کامیاب نہیں ہوتے، جب آپ آئیں گے اور کام کریں گے تو ادارے کامیاب ہوں گے، آپ اچھے ڈاکٹرز کے ساتھ ساتھ اچھے انسان بننے کے لیے بھی محنت کریں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ میں تعلیم کے اداروں میں بہتری لانے کی بہت گنجائش ہے، لیکن میں تاریخی طور پر یہ یاد دلانا چاہوں گا کہ قیام پاکستان سے پہلے سندھ میں صرف ایک یونیورسٹی، سندھ یونیورسٹی تھی، پھر 1947 سے لے کر 2008 تک صوبے میں 16 یونیورسٹیز تھیں، جبکہ آج تک پیپلز پارٹی نے سندھ میں 30 یونیورسٹیاں قائم کی ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ سندھ کے ہر ضلع میں کم از کم ایک یونیورسٹی قائم ہو۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ صحت کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے نجی شعبے کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہیلتھ کیئر سسٹم میں بہتری ہماری ترجیح ہے، 18ویں ترمیم کے بعد سندھ میں صحت کے شعبے میں نمایاں اقدامات کیے گئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ بےنظیر بھٹو نے 1989 میں یونیورسٹی کا خواب دیکھا تھا جو 2009 میں مکمل ہوا۔ چانڈکا میڈیکل کالج کی بنیاد 1973 میں رکھی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی کے مشکور ہیں جنہوں نے اپنی والدہ کے خواب کو پورا کیا، ڈاکٹرز کی کمٹمنٹ سے علاج ممکن ہے، صرف انفرا اسٹرکچر سے علاج ممکن نہیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ یہ ڈگری صرف آپ کی نہیں ان مریضوں کی اُمید ہے جن کا آپ علاج کریں گے۔