پاکستانی حکومت اور بلاول کے ساتھ مل کر کام کرنے پر خوشی ہے، انٹونی بلنکن

May 18, 2022

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت پر بہت خوشی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکومت اور بلاول بھٹو کے ساتھ مل کر کام کرنے پر خوشی ہے، بلاول سے فوڈ سیکیورٹی کے مسئلے پر بات ہوگی۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے نیویارک میں ملاقات ہوئی۔

انٹونی بلنکن نے کہا کہ فوڈ سیکیورٹی اہم چیلنج ہے جسے پوری دنیا کو سامنا ہے، یوکرین پر روس کےحملے کے بعد فوڈ سیکیورٹی کا مسئلہ شدید ہوچکا ہے، اس سے مزید 40 ملین لوگ فوڈ سیکیورٹی کے مسائل کا شکار ہوئے۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ فوڈ سیکیورٹی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ہم اکٹھے ہورہے ہیں، اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اقدامات کی کوششوں میں پاکستان کی شمولیت پر شکر گزار ہیں، دو طرفہ معاشی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور علاقائی سیکیورٹی پر توجہ مرکوز ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت پر بہت خوشی ہے، پاکستان جیسے ممالک کو امن و امان، محفوظ توانائی اور آبی تحفظ کےچیلنجز کا سامنا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں سے لے کر پڑوسی ممالک میں موجود ایشوز تک کئی مسائل کا سامنا ہے، پاکستان اور امریکا کے درمیان روابط بڑھانے کے مواقع کا بھی منتظر ہوں، پاکستان اور امریکا کےدرمیان تجارتی تعلقات بہتر کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کےخواہاں ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی اور پاکستانی سرمایہ کاروں کے لیے مواقع پیدا کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔