یاسین ملک کی غیرمشروط رہائی کا مطالبہ

May 19, 2022

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید / فائل فوٹو

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید کی جانب سے یاسین ملک کی غیرمشروط رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے معروف کشمیری لیڈر یاسین ملک کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئےعالمی برادری بشمول یورپی یونین سے اپنا اثرورسوخ استعمال کرنے کا کہا ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ یاسین ملک بے بنیاد الزامات کے تحت تین برسوں سے بھارتی جیل میں ہیں جہاں ان کی جان کو خطرہ ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی عدالت اب پرانے جعلی الزامات کے تحت میں جن میں دہشت گردی کا بے بنیاد الزام میں شامل ہے، یاسین ملک کو سزا دینا چاہتی ہے، ہمیں خدشتہ ہے کہ بھارتی عدالت یاسین ملک کو سزائے موت دے سکتی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یاسین ملک کی جان کو خطرہ ہے، اس سے پہلے بھارتی حکومت مقبول بٹ اور افضل گرو کو بھی غیرمنصفانہ عدالتی سماعت کے ذریعے سزائے موت دے چکی ہے۔

بھارتی عدالت اب انیس مئی کو یاسین ملک کے خلاف بھارتی حکام کی طرف سے لگائے گئے الزمات کی سماعت کرے گی اور بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ یاسین ملک کو عمرقید کی بھی سزا ہوسکتی ہے۔

علی رضا سید نے یاسین ملک کی جلد از جلد اور غیرمشروط رہائی کے لیے یورپین کونسل کے صدر چارلس مشل، یورپی کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین، یورپی یونین کے اعلیٰ سفارتی نمائندہ جوزف بورریل اور یوری پارلیمان کی خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ ڈیوڈ میک آلیسٹر کو ایک خط بھی لکھا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ یورپی حکام یاسین ملک کی رہائی کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالیں اور اپنا اثرروسوخ استعمال کریں۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے خرم پرویز، محمد احسن انتو، صحافی سجادگل اور فہد شاہ اور دیگر سیاسی قیدیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی بھی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔