اجانی ریکارڈز کے پہلے سیزن کی تعارفی تقریب کا انعقاد

May 19, 2022

امریکا میں مقیم پاکستانی میوزک پروڈیوسر حسین اجانی کے میوزک لیبل اجانی ریکارڈز نے اپنے پہلے سیزن کی تفصیلات جاری کردیں۔

کراچی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں موسیقی برادری، بلاگرز اور میڈیا کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

اس موقع پرامریکا میں مقیم پاکستانی میوزک پروڈیوسر حسین اجانی نے حاضرین کو پہلے سیزن کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

اجانی ریکارڈز کے پہلے سیزن میں رافع اسرار کا’ماہی وے‘ موسیقار احمد جہانزیب کا’جدائی‘ ایلیسیا ڈیاس کا ’تو ہی صبح‘صنم ماروی کا ’گھر آجا‘جاوید بشیر کا ’ربا میریا‘عارف لوہار کا ’فقیرا‘اور انیقہ گل کا ’لال میری‘ شامل ہیں۔

تقریب میں گانوں کے ٹیزرز کی رونمائی بھی کی گئی جسے حاضرین کی جانب سے خوب داد و تحسین وصول ہوئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حسین اجانی نے کہا موسیقی کے حوالے سے کام کرنا میرا ہمیشہ سے جنون رہا ہے، آج میں اپنے میوزک لیبل کے ڈیبیو سیزن کو شروع کرنے، اس میں شامل زبردست اور باصلاحیت فنکاروں کو پیش کرنے اور ان کی تشہیر کرنے کے حوالے سے بہت پرجُوش ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے بے حد خوشی اور اعزاز حاصل ہو رہا ہے کہ ہم نے اجانی ریکارڈز کے دوسرے سیزن پر کام شروع کردیا ہے، جس میں نئے اور پُرانے باصلاحیت گلوکاروں کے گیتوں کو پیش کیا جائے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 2020ء میں قائم ہونے والے اجانی ریکارڈز کا مقصد خواہش مند ٹیلنٹ کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کیا جانا ہے، جہاں ان کی صلاحیتوں کو تجربہ کار گلوکاروں کے تعاون سے فروغ دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ اجانی ریکارڈز کا سیزن آفیشل یوٹیوب چینل پر نشر کیا جارہا ہے۔