نگراں حکومت تو ملک کو سری لنکا بنادے گی، خورشید شاہ

May 19, 2022

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور وفاقی وزیرخورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہاتھ پاؤں باندھ کر کہا جائے کہ حکومت کریں تو کیسے حکومت ہوگی، ایسے تو ملک نہیں چل سکتا، نگراں حکومت تو ملک کو سری لنکا بنا دے گی، جلد بازی کا الیکشن زیادہ خطرناک ہوگا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ اتحادی حکومت الیکشن میں جانے کے لیے تیار ہے، ہم نے حکومت لے کر احسان کیا، ختم کی جاتی ہے تو ہمارے اوپر احسان ہوگا، ہم خوشی سے اقتدار میں نہیں آئے، عوام، میڈیا سب نے عمران سے جان چھڑوانے کی منت کی۔

خورشید شاہ نے کہا کہ ہم نے آئینی طریقے سے عمران کو نکالا، ملکی مسائل کا تمام وزن اپنے اوپر لیا، غیر آئینی راستے کی طرف نہیں گئے کہ کل لوگ کہیں کہ غیر آئینی طریقے سے نکالا، اگر ہمیں اقتدار کا شوق ہوتا تو تین سال تک عمران خان کو میثاق معیشت کا نہ کہتے، ایک بات پر کلیئر ہوں، پاکستان کے خلاف بڑی سازش تیار کی جا رہی ہے، پاکستان کو ایسی کھائی میں دھکیلا جا رہا ہے، جہاں اندھیرا ہی اندھیرا ہے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ سازش تھی عوام کو اتنا بھوکا کر کے مارو کہ کھانے کو نہ ملے، پاکستان کے خلاف یہ سازش 40 سال پہلے کی گئی، پاکستان کے خلاف سازش کے تحت عمران خان کو تیار کیا گیا۔

خورشید شاہ نے حکیم سعید کی کتاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہوسکتا ہے ورلڈ کپ جتوانا بھی سازش کا حصہ ہو کہ بندہ تیار کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم خوش ہوں گے اگر کہیں حکومت ختم کرو، ہم شکریہ ادا کریں گے کہ ایک مہینے میں جان چھڑوادی، ہم سے عوام کی یہ حالت نہیں دیکھی جا سکتی۔

خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت ابھی ختم ہوتی ہے تو 90 دن میں الیکشن کروانا بھی لازم اور یہ ممکن بھی نہیں، ہمیشہ کہتا تھا عمران خان کو وقت پورا کرنے دیا جائے، خود ڈوب جائے گا مگر عوام، میڈیا، سمیت سب نے مجبور کیا کہ اپوزیشن عوام کو مروارہی ہے، ہمیں کہا گیا عمران کو رہنے دیا گیا تو اپوزیشن بھی ذمہ دار ہو گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک بات سن لو، عمران خان کبھی ہیرو نہیں بنے گا، یہ سب عارضی کھیل ہے، جب عمران خان الیکشن میں جائے گا تو پتہ چلے گا، صدارتی نظام کسی صورت نہیں آئے گا، ایک ہی طریقہ ہے مارشل لاء لگاؤ، صدارتی نظام آ جائے گا، صدارتی نظام کا ایک ہی راستہ ہے آئین ختم کریں اور آئین آرڈیننس سے ختم نہیں ہوتا۔

خورشید شاہ نے آئندہ الیکشن میں عمران خان کے خلاف گرینڈ الیکشن الائنس کا عندیہ دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کی اتنی سازش ہے تو ہمیں بھی مل کر الیکشن لڑنا ہو گا، اگلا الیکشن آسان نہیں ہو گا، لوگ کفن باندھ کر نکلیں گے، معزز جج صاحبان سے گزارش ہے خدا کے واسطے پاکستان کے لیے سوچیں، ٹرانسفر پوسٹنگ عدلیہ کا کام نہیں، جس ملک میں تین، تین حکومتیں بنائیں گے، کیسے چلے گا، آپ ایک آدمی کو ہٹا نہیں سکتے کہ سپریم کورٹ نے منع کیا، یہ کام آپ کا نہیں ہے، عدلیہ کا کام عوام کو انصاف دینا ہے۔