ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سنٹر کاپرچہ آؤ ٹ ہونے کا لاکھوں طلبہ پر نہ ڈالے، اساتذہ رہنما

May 20, 2022

راولپنڈی(خبر نگار خصوصی) ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب ایک سنٹر کاپرچہ آؤ ٹ ہونے کا ملبہ لاکھوں طلبہ پر نہ ڈالے اوراگر دوبارہ پیپرز لینے کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو ہم امتحانات لینے کا مکمل بائیکاٹ کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار راجہ طاہر محمود،سید حامد علی ،راجہ شاہد مبارک،راجہ اورنگزیب، اخیان گل طاہر ،ملک ظہیر الدین بابر ،چوہدری ظفر اقبال ،راشد عباسی اورقاضی عمران نے راولپنڈی پریس کلب میںپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔ سرکار ی سکولوں کی اساتذہ تنظیموں کے رہنماؤں نےکہاکہ تعلیمی بورڈ کے چیئرمین اساتذہ پر ایف آئی آر درج کرانے کی بجائے اصل کرداروں کو سامنے لائیں ۔ انہوں نےکہا کہ پنڈی بورڈ کے زیر انتظام میٹرک امتحانات کے پرچے مسلسل آؤٹ ہو رہے ہیں ۔ بورڈ کی خفیہ پریس میں ڈیلی ویجز ملازمین کام کر رہے اوروہی ملازم گزشتہ تین سال سے ایک جگہ تعینات ہیں۔ اس حوالے سے ان کے تبادلے کیوں نہیں کیے جاتے،پرچے پریس سے آؤٹ ہوتے ہیں ملبہ اساتذہ پر ڈال دیا جاتا ہے ،پر چہ بینک وصولی سے اوپن ہونے تک بورڈ کا ملازم موجود ہوتا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس گھناؤنے کھیل کے اصل ملزم کو سامنے لایا جائے بصورت دیگر امتحانات کا بائیکاٹ کریں گے ۔انہوں نے کہا ہے کہ امتحانات انسپکشن کے کام پر ریٹائر ڈ ملازمین کو تعینات نہ کیا جائے ۔امتحانی ڈیوٹیوں کا معاوضہ بڑھایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ بورڈ کی روایت رہی ہےکہ وہ ایک صفحہ پر ایک پرچہ پرنٹ کرتے ہیں لیکن اس بار ایک صفحہ پر دو پرچے پرنٹ ہیں جنھیں پھاڑ کر دو حصوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ایک واقعہ میں تو ایک پرچہ صبح والا اور اسی صفحہ پر شام والا پرچہ پرنٹ تھا ۔