عمران نے معافی نہ مانگی تو قانون حرکت میں آنا چاہیے، احسن اقبال

May 20, 2022

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے مریم نواز سے متعلق عمران خان کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اگر معافی نہیں مانگی تو قانون کو حرکت میں آنا چاہیے۔

اپنے بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی مریم نواز کے خلاف اپنی بدزبانی سے شائستگی، اقدار اور برداشت کی تمام حدیں عبور کر چکا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ یہ عمران کی ذہنی پستی اور بے غیرتی کی عکاس ہے اور ناقابل برداشت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران نیازی نے پاکستان کی ہر بیٹی کی توہین کی ہے، اگر معافی نہیں مانگی تو قانون کو حرکت میں آنا چاہیے، بہت ہوگیا!

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز سے متعلق نازیبا کلمات کہے تھے۔

ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے مریم نواز کی گزشتہ روز کی تقریر کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم اتنے جذبے اور جنون سے میرا نام نہ لیا کرو کہیں تمہارا خاوند ہی ناراض نہ ہوجائے۔